کراچی، معاشرے میں بڑھتی ہوئی برائیوں کو روکنے کے لئے اہل حق آہنی دیواربن جائیں، ڈاکٹرممتازہاشمی

ہفتہ 19 جولائی 2014 17:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19جولائی۔2014ء) جمعیت علماء پاکستان کراچی کے زیراہتمام سالانہ نورانی دعوت افطار کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مرکزی نائب صدر علامہ ڈاکٹر ممتازاحمدہاشمی، صوبائی ناظم اعلیٰ علامہ السید عقیل انجم قادری، کراچی ڈویژن کے صدر علامہ قاضی احمدنورانی صدیقی، مفتی رفیع الرحمٰن نورانی، مفتی بشیرالقادری، علامہ عبدالغفاراویسی، علامہ فدااحمدنعیمی، علامہ عبدالقدیر ،ڈاکٹرولی مصطفائی ودیگر نے کہاہے کہ قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمدنورانی صدیقی کا تربیت یافتہ ہرکارکن باطل قوتوں کے مقابلے میں حق کا نمائندہ ہے جو کبھی بھی اعلائے کلمة الحق میں تساہل نہیں برت سکتا، اہل حق پر لازم ہے کہ وہ معاشرے میں بڑھتی ہوئی برائیوں کو روکیں اور ظلم کرنے والوں کے سامنے آہنی دیواربن جائیں، علامہ شاہ احمدنورانی  کے مشن کے پیروکار اپنی ذمہ داریاں محسوس کریں، جمعیت علماء پاکستان کا ایک ایک کارکن لادینیت ، لسانیت ، عصبیت،عریانی اور فحاشی کے مقابلے کے لئے سدسکندری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ماہ صیام نیکیوں کا موسم بہارہے اس ماہ مبین میں ہمیں عہد کرناہے کہ اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی رضاکو ہر خواہش پر مقدم رکھیں گے اور اللہ کی رضاکے لئے اپنی خواہشات نفس کو قربان کریں گے، انہوں نے کہاکہ کارکنان جمعیت کے لئے علامہ شاہ احمدنورانی کے ماہ رمضان کے شب وروز ایک روشن مثال ہیں کہ کس طرح وہ اپنی بے پناہ مصروفیات کے باوجود ناصرف حقوق اللہ کی ادائیگی میں ہمہ تن مصروف رہتے بلکہ نظام مصطفےٰ ﷺ کے نفاذ کے عظیم مشن کے لئے ہر وقت سرگرم عمل رہتے تھے۔

علامہ شاہ احمدنورانی  کے کارکن اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآ ہونے کے لئے مستعد رہیں اور اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں ۔ اس موقع پر جے یوپی کراچی کے نائب صدر علامہ عبدالغفاراویسی نے نچلے درجے کے تاجروں کی طرف سے ایک پڑوسی ملک سے ایسی چپلیں جن پر اللہ رب العزت کے نام نامی سے مشابہہ ڈیزائن موجود ہے برآمد کرنے پر ان تاجروں کے خلاف کارروائی اور ایسی تمام چپلوں کے اسٹاک کے مارکیٹوں سے فوری ہٹاکر سمندر برد کرنے کی قراردادبھی پیش کی جسے تمام شرکاء نے ہاتھ اٹھاکر منظورکیا۔

تقریب میں علامہ عبداللہ کامل، حافظ انوارشیخ، سلیم اخترمغل،صوفی فخرالدین نورانی، قاری منیرعالم، مولانافیض مصطفےٰ شمس قادری،مولاناعبدالرحمٰن صابری، محمودخاں عسکری، سید عمران حسین، عبدالوحیدیونس، سلمان شیخ، محمدرشید اعوان، شیخ عبدالغفار، قاضی شکیل احمدنورانی، شیرمحمدنورانی، محمدمہتاب نورانی، مولاناضیاء لحق ،محمدیونس نورانی، مولاناشوکت مغل، کاشف نورانی، محمدشکیل قاسمی سمیت علماء ومشائخ اور علاقائی عہدیداران وذمہ داران کی بڑی تعداد شریک تھی۔

متعلقہ عنوان :