عوام الناس کو بہتر سفری سہولتیں بہم پہنچانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں ، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ ،شاہراہوں کیلئے فوری طور پر فنڈز فراہم کرنے پر وزیراعظم نواز شریف کے انتہائی مشکور ہیں ، وزیراعلیٰ بلوچستان

اتوار 3 اگست 2014 20:03

پنجگور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اگست۔2014ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ان کی حکومت بلوچستان کے تمام اضلاع میں عوام الناس کو بہتر سفری سہولتیں بہم پہنچانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے، بلوچستان میں اہم قومی شاہرایں، جن میں این 85، سوراب تا ہوشاب، قلات ، چمن اور کوئٹہ ژوب شامل ہیں، گذشتہ ایک دہائی سے نامکمل تھے تاہم انکی حکومت نے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل گفت و شنید کر کے ان تمام اہم شاہراہوں پر کام شروع کردیا ہے، جن پر تیزی کے ساتھ کام جاری ہے ، حکومت بلوچستان، وزیر اعظم میاں نواز شریف اور متعلقہ وفاقی اداروں جن میں نیشنل ہائی ویزاور FWOشامل ہیں کے مشکور ہیں کہ ان شاہراہوں کیلئے فوری طور پر فنڈز فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی کام شروع کروانے میں مدد فراہم کی ، امید ہے کہ اگلے 2سال کے اندر ان سڑکوں پر تعمیراتی کام مکمل ہو جائے گا، اس موقع پر پنجگور میں FWOکے نمائندے نے وزیراعلیٰ کو N-85سوراب تا ہوشاب پر جاری ترقیاتی کام کی رفتار اور درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کام کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایف ڈبلیو او محنت، تندہی، لگن اور خلوص کے ساتھ N-85پر کام کو جاری رکھتے ہوئے اسے وقت مقررہ سے پہلے مکمل کرے گی۔