امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر ملک بھر کی طرح صوبہ سندھ میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی،اس سلسلے میں سب سے بڑا پروگرم 10 اگست کو کراچی میں ”یکجہتی غزہ مارچ“ ہوگا۔ جبکہ 8 اگست کو حیدر آباد میں بھی بڑے جلسے کا انعقاد کیا جائے گا

اتوار 3 اگست 2014 21:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3اگست۔2014ء) امیر جماعة الدعوة پروفیسر حافظ محمد سعید کی اپیل پر ملک بھر کی طرح صوبہ سندھ میں بھی اسرائیلی مظالم کے خلاف بھرپور تحریک چلائی جائے گی۔ صوبائی دار الحکومت کراچی کے علاوہ حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، میر پور خاص، نواب شاہ، بدین، گولارچی سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیمینار، کانفرنسز اور جلسوں کا وسیع پیمانے پر انعقاد کیا جائے گا۔

اس سلسلے میں سب سے بڑا پروگرم 10 اگست کو کراچی میں ”یکجہتی غزہ مارچ“ ہوگا۔ جبکہ 8 اگست کو حیدر آباد میں بھی بڑے جلسے کا انعقاد کیا جائے گا۔ کراچی میں بروز اتوار صبح 10 بجے سفاری پارک سے کراچی پریس کلب تک ہزاروں شہری ”یکجہتی غزہ مارچ“ میں شریک ہوں گے۔ اس سے قبل سندھ کے بڑے شہروں کے علاوہ گوٹھوں اور علاقوں میں بھی اسرائیلی مظالم کو بے نقاب کرنے اور مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سینکڑوں چھوٹے بڑے پروگرامات کا انعقاد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

8 اگست کے خطبات جمعہ میں بھی غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر صہیونی مظالم کو خصوصی موضوع بنایا جائے گا۔ امیر جماعة الدعوة سندھ فیصل ندیم اور امیر کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا ہے کہ غزہ میں بدترین اسرائیلی مظالم کی روک تھام کے لیے پوری مسلم امہ کو دوٹوک موقف اختیار کرنا ہوگا۔ جماعة الدعوة نے اسرائیلی دردندگی کے خلاف رائے عامہ کو ہموار کرنے کے لیے بھرپور تحریک کا آغاز کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی 6 دہائیوں سے قربانیاں پیش کر رہے ہیں، وہ اسرائیل کے ظلم و جبر سے مرعوب نہیں ہوں گے۔ غزہ کے مظلوم مسلمان طویل عرصہ سے محصوری کی زندگی بسر کر رہے ہیں، لیکن ان کے حوصلے اب بھی بلند ہے۔ مسلمان خواب غفلت سے بیدار ہوکر امت مسلمہ کے تحفظ کے لیے مضبوط کردار ادا کریں۔ عالمی برادری بھی اسرائیل کا ساتھ دینے کی بجائے اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی مظالم کے خلاف شروع کی گئی تحریک عوامی شعور کی بیداری کا سبب بنے گی۔ عوام تحریک کی کامیابی کے لیے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔