Live Updates

وزیر اعظم یوتھ پروگرام ترجمان کی 100ارب روپے کی رقم مریم نواز کے حوالے کر نے سے متعلق عمران خان کے الزامات کی تردید

منگل 5 اگست 2014 17:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اگست۔2014ء) وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ترجمان نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی طرف سے 100 ارب روپے کی رقم نوجوانوں کے لئے وزیراعظم کے کاروباری قرضہ پروگرام کی چیئرپرسن مریم نواز شریف کے حوالے کرنے سے متعلق عمران خان کے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ کے پاس نوجوانوں کیلئے وزیراعظم کی کاروباری قرضہ سکیم پر عملدرآمد کے حوالے سے آزادانہ انتظامی اور مالیاتی انتظام کے حوالے سے معلومات نہیں۔

منگل کو ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کے پاس نوجوانوں کے لئے وزیراعظم کی کاروباری قرضہ سکیم پر عملدرآمد کے حوالے سے آزادانہ انتظامی اور مالیاتی انتظام کے حوالے سے معلومات نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے عمران خان سے کہا کہ وہ سیاسی پوائنٹ سکورننگ کے لئے نوجوانوں کو غلط معلومات دینے سے پہلے وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کا احتیاط سے مطالعہ کریں اور اس کے مندرجات کو سمجھیں۔

ترجمان نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے جھوٹ کے پلندے پر مبنی الزامات سے قطع نظر نیشنل بینک آف پاکستان اور فرسٹ وومن بینک کی طرف سے وزیراعظم کی یوتھ بزنس لون سکیم پر شفاف طریقے سے عمل کیا جا رہا ہے کیونکہ قرضہ دینے والے ادارے کاروبار کرنے والے نوجوانوں کو اپنے مالیاتی وسائل سے رقوم فراہم کر رہے ہیں، قومی خزانے سے وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کے لئے براہ راست ایک پیسہ بھی مختص نہیں کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے پانچ ارب روپے مختص کئے ہیں جو بینکوں کو 8 سالہ قرضے کی مدت کے دوران فرق کے طور پر ادا کئے جائیں گے، قرضے کی اس مدت میں ایک سال کی رعایتی مدت بھی شامل ہے۔ ترجمان نے کہا کہ بینک صرف سٹیٹ بینک آف پاکستان کو جوابدہ ہیں اور وہ قرضوں کے لئے درخواستوں پر کارروائی کرنے، منظور کرنے اور انہیں مسترد کرنے کے حوالے سے مکمل طور پر آزاد ہیں اس طرح وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن کا بینکوں کی طرف سے قرضوں کی تقسیم کے اوپر کسی قسم کا مالیاتی اور انتظامی کنٹرول نہیں ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسی طرح وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم اور وزیراعظم کی فیس واپسی سکیم کے لئے بھی چار ارب روپے اور ایک ارب 20 کروڑ روپے کی جس رقم کی بجٹ میں منظوری دی گئی وہ براہ راست ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے لئے مختص کی گئی ہے، وزیراعظم کی یوتھ بزنس لون پروگرام کے لئے نہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہایئر ایجوکیشن کمیشن وزارت خزانہ کی طرف سے مقرر کردہ طریقہ کار پر عملدرآمد کرتے ہوئے دونوں سکیموں کے لئے رقم کی تقسیم پر عملدرآمد کا ذمہ دار ادارہ ہے، رقم کی تقسیم سے پہلے اور بعد کے مراحل کے لئے سخت اندرونی اور بیرونی آڈٹ کے نظام پر عمل کیا جاتا ہے اور اس طرح چیئرپرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام کا ایچ ای سی کی طرف سے ان سکیموں پر عملدرآمد کے معاملے پر کوئی مالیاتی اور انتظامی کنٹرول نہیں ہے۔

وزیراعظم کی یوتھ سکل ڈویلپمنٹ سکیم کے حوالے سے ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں 80 کروڑ روپے نیوٹیک کے لئے براہ راست مختص کئے گئے ہیں جو فاٹا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں 25 ہزار نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت دینے کے حوالے سے عملدرآمد کا ذمہ دار ادارہ ہے اس طرح اس سکیم میں بھی وزیراعظم یوتھ پروگرام کی چیئرپرسن کے پاس نیوٹیک کے لئے مختص کی جانے والی رقم پر کوئی انتظامی اور مالیاتی کنٹرول نہیں ہے۔

وزیراعظم کی سود سے پاک قرضہ سکیم سے متعلق ترجمان نے کہا کہ اس سلسلے میں معاشرے کے غریب طبقے میں دو لاکھ 50 ہزار روپے تک 25 ہزار قرضے تقسیم کرنے کے لئے پاکستان کے غربت کے خاتمے کے فنڈ کے لئے تین ارب 50 کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے تاکہ وہ باعزت روزگار کے لئے بنیادی سطح پر کاروباری سرگرمیاں شروع کر سکیں۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات