ہائر ایجوکیشن کیساتھ ساتھ پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن بھی خصوصی توجہ کی مستحق ہے، میجر جنرل (ر) حامد شفیق

پیر 11 اگست 2014 17:34

ڈیرہ اسما عیل خان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اگست۔2014ء)گومل یو نیو رسٹی کے وائس چانسلر میجر جنرل (ر) حامد شفیق نے کہا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کے ساتھ ساتھ پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن بھی خصوصی توجہ کی مستحق ہے، کیو نکہ سکول اور کالج لیول پر معیاری تعلیم ہی یو نیو رسٹیوں کو مثالی طلبہ کی فراہمی کا بنیادی زریعہ ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے یو نیو رسٹی وینسم کالج کے دورہ کے موقع پر کیا، انہوں نے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر سید رؤف خٹک کی جانب سے ابتدائی طور پر فراہم کی گئی مختصر بریفنگ کے بعد انہیں ہدایت کی کہ کالج میں نظم و ضبط کو مذید مثالی بنایا جائے تاکہ اس ادارہ سے یہاں کے باسیوں کو مثالی طلبہ کی فراہمی کا تسلسل برقرار رہے انہوں نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں تعلیم بنیادی کردار ادا کرتی ہے، امت مسلمہ اس وقت جس صورتحال سے دوچار ہے وہ اس بات کا تقاضیٰ کرتی ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو جدید ترین علوم سے روشناس کرائیں، انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کا سیکھنے کے عمل کیلئے عمر کی کوئی حد مقرر نہیں ہے، والدین کی بھی یہ زمہ داری ہے کہ وہ اداروں میں بچوں کو پڑھائی جانے والی تعلیم کا معیار چیک کریں ، انہوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل آج کے طلبہ سے وابستہ ہے، والدین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کی انتظامیہ پر یہ زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ نئی نسل کو نہ صرف جدید ترین خطوط کی حامل تعلیم فراہم کریں بلکہ ان کی مثالی تربیت کو بھی یقینی بنایا جائے، انہوں نے اس موقع پر وینسم کالج کی معاشی بہتری کیلئے متعدد منصوبوں کا پی سی ون تیار کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں ۔