الیکشن میں دھاندلی کے الزامات ،حکومت نے عدالتی کمیشن کے قیام کیلئے سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا

بدھ 13 اگست 2014 19:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13اگست 2014ء) حکومت نے وزیراعظم کے اعلان کی روشنی میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے تین ججز پرمشتمل تحقیقاتی کمیشن کے قیام کیلئے عدالت عظمیٰ کے رجسٹرارکوخط لکھ دیا۔وزارت قانون کے سیکرٹری بیرسٹر ظفراللہ خان کی جانب سے بدھ کوبھجوائے گئے خط میں کہاگیا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیاہے کہ پاکستان کمیشنز آف انکوائری ایکٹ 1956ء کے تحت ایک تحقیقاتی کمیشن قائم کیاجائے جو سپریم کورٹ کے تین ججز پرمشتمل ہو جوسیاسی رہنماؤں کی طرف سے 2013ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کرے ۔

خط کے مطابق تحقیقاتی کمیشن چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کرے گا کہ آیا 2013ء کے عام انتخابات میں کسی سیاسی جماعت یا فرد کوفائدہ پہنچانے کیلئے ساز باز کی گئی یاکوئی ان پراثرانداز ہوا اوراگرایسا ہوا تو ذمہ داروں کاتعین کیاجائے۔

(جاری ہے)

خط میں کہاگیا ہے کہ کمیشن کیلئے تین ججزکے نام اورکمیشن کے سربراہ کانام وزارت قانون کو بھجوانے کی استدعا کی جاتی ہے ۔

ادھر نجی ٹی وی کے مطابق رجسٹرار سپریم کورٹ سید طاہر شہباز نے کہا ہے کہ وزارت قانون کاخط موصول ہوگیا ہے اورکمیشن کے سربراہ اورارکان کے تعین کیلئے اسے چیف جسٹس کے سامنے پیش کیاجائیگا۔وزارت قانون کی جانب سے مذکورہ کمیشن کے قیام کے سلسلہ میں وزیراعظم کوبھجوائی گئی سمری میں کہاگیا ہے کہ تحقیقاتی کمیشن کواپنی رپورٹ90دن میں مکمل کرنے کیلئے کہاجائیگا اورکمیشن کواپنے امورکے انجام دہی کیلئے کیبنٹ ڈویژن تعاون فراہم کریگا۔

متعلقہ عنوان :