دھاندلی کا شور مچانے والوں کے عزائم سامنے آ گئے ،چار حلقوں کے پیچھے مقصد ٹیکنوکریٹ حکومت کا قیام تھا ‘ خرم دستگیر،پی ٹی آئی کو جہاں مینڈیٹ دیا گیا وہاں تو کوئی انقلاب نہیں لاسکے ،ملک میں خونی انقلاب لانا چاہتے ہیں‘ وفاقی وزیر

جمعرات 14 اگست 2014 17:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر نے کہا ہے کہ دھاندلی کا شور مچانے والوں کے عزائم سامنے آچکے ہیں ،چار حلقوں کی دھاندلی کے پیچھے ان کا مقصد ٹیکنوکریٹ حکومت کا قیام تھا جو کہ غیر آئینی مطالبہ ہے جسے کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو جہاں مینڈیٹ دیا گیا وہاں تو کوئی انقلاب نہیں لاسکے اب پورے ملک میں خونی انقلاب لانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا جرم ہے اس میں اعلیٰ حکام تک جوابدہ ہیں ان سے بھی پوچھ گچھ ہونی چاہیے لیکن ڈاکٹر طاہرالقادری اپنے پیروکاروں کو قتل پر اکسا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے استعفے کے دو ہی طریقے ہیں یا تو وزیراعظم خود اسمبلی تحلیل کرلیں یا اس حکومت کی مدد کو پورا کرنے دیا جائے۔ ہم ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب ملک میں نیم آمریت لانا چاہتے ہیں کیا جمہوریت اسی کا نام ہے۔ ہمیں ایک دوسرے کے ووٹوں کا احترام کرنا چاہیے اور اگر یہ ہمارے مینڈیٹ کو جعلی اور حکومت کو ناجائز کہتے ہیں تو خیبرپختونخواہ میں ان کی حکومت بھی جائز نہیں ہے۔

متعلقہ عنوان :