گوجرانوالہ میں آزادی مارچ کے شرکا اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم، کئی افراد زخمی

جمعہ 15 اگست 2014 13:32

گوجرانوالہ میں آزادی مارچ کے شرکا اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں میں تصادم، ..

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15اگست 2014ء) مسلم لیگ (ن) اور آزادی مارچ میں شامل تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ پل کے قریب مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی خالد بٹ کے دفتر کے سامنے آزادی مارچ کے شرکا نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو دیکھ کر نعرے بازی کی جس پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے بھی نعرے بازی شروع کردی ، جیسے ہی عمران خان کا کنٹینر وہاں سے گزرا دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر پتھراؤ کردیا۔

جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے، زخمیوں میں معروف پاپ گلوکار سلمان احمد اور تحریک انصاف کے رہنما عارف علوی بھی شامل ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی دونوں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنے اپنے کارکنوں کو قابو میں کیا جس کے بعد مارچ کے شرکا آگے بڑھ گئے۔تاہم شاہین آباد روڈ پر دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک مرتبہ پھر ایک دوسرے پر پتھراؤ کردیا۔ صورت حال کو دیکھتے ہوئے ایلیٹ فورس کے اہلکاروں نے عمران خان کے کنٹینر کو گھیرے میں لے لیا ۔