Live Updates

نواز شریف کو مستعفی ہو نے تک نہیں چھوڑینگے عمران خان ،

انتخابی دھاندلی کے حقائق سامنے آنے کے بعد بڑے مغل اعظم کا مستقبل تاریک ہوچکا،چھوٹے کے خلاف ایف آئی آر کٹنے والی ہے وزیراعظم عمران خان عوام سے کبھی جھوٹ نہیں بولے گا ہمیں کسی سے خوف نہیں کوئی میری قیمت نہیں لگا سکتا مطالبات( آج )پیش کرونگا،عمران خان کا آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب

ہفتہ 16 اگست 2014 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خا ن نے کہا ہے کہ نواز شریف کو اس وقت تک نہیں چھوڑینگے جب تک وہ مستعفی نہیں ہوجاتے  چھوٹے مغل اعظم کے خلاف ایف آئی آر کٹنے والی ہے  انتخابی دھاندلی کے حقائق سامنے آنے کے بعد بڑے مغل اعظم کا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے وزیراعظم عمران خان عوام سے کبھی جھوٹ نہیں بولے گا ۔

ہفتہ کو آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ گزشتہ روز اپنی وجہ سے نہیں کارکنوں کی وجہ سے واپس گیا تھا یہ بارش حکمرانوں کی چھٹی کیلئے برسی ہے اب میں کارکنوں کے ساتھ جاگوں گا اور ادھر ہی رہونگا یہ کام میرے لئے نہیں بادشاہوں کیلئے مشکل ہے ۔اللہ نے جنون کو آزمانے کا فیصلہ کیا ہے ہمارا امتحان لینے کیلئے بارش برسی ہے اللہ ہمیں جس طرح آزمانا چاہتا ہے ہم تیار ہیں میں نے ملک میں پہلے ایسا جذبہ  جنون نہیں دیکھا جس قوم میں ایسا جذبہ ہو اس کو قرضے لینے اور کسی کے سامنے جھکنے کی ضرورت نہیں پڑتی اور نہ ہی بھیک کی ضرورت ہوتی ہے پاکستانی جذبہ اور طاقت ور والی قوم تھی بد قسمتی سے بزدل اور کمزور حکمران آئے جو ایماندار بھی نہیں تھے انہوں نے کہاکہ آج ہم ساری رات آزادی کا جشن منائیں گے جنہوں نے گھر جانا ہے وہ جائیں اور واپس آ جائیں ہم یہیں پر ہونگے عمران خان نے کہاکہ آزادی مارچ نے پہلی وکٹ گرادی ہے چھوٹے مغل اعظم پر ایف آئی آر کٹنے والی ہے اب چھوٹے مغل اعظم کو جیت کا سامنا کر نے پڑیگا اورالیکشن کی دھاندلی کی کہانی سامنے آنے کے بعد بڑے مغل اعظم کا مستقبل اندھیرے میں آرہا ہے انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے سزا اور جزا کا قانون بنایا ہے وقت آگیا ہے عوام کا گوجر خان  جہلم  لالہ موسیٰ سے لیکر پنڈی تک ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر تھا خیبر پختون خوا کے حقوق پہلے ہی سلب کئے ہیں بلوچستان پر بھی غصہ ہے انہوں نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان کا دورہ نہیں کر سکا پہلے پنجاب کا میچ جیت لوں پھر وہاں جاؤنگا لاہوری مجھے جانتے ہیں کہ کتنے میچ کھیلے اور کتنے جیتے ہیں جب لاہور جاگتا ہے تو پاکستان میں تبدیلی آجاتی ہے لاہوریوں کو بتادیا تھا جب لاہور آؤنگا تو میچ جیت کر آؤنگا انہوں نے کہاکہ نواز شریف بزنس مین ہیں ضمیر کے سوداگر ہیں انہوں نے کہاکہ وقت آگیا ہے جب امپائر انگلی اٹھا دیتا ہے تو بیٹسمین کو پویلین جانا پڑتا ہے انہوں نے کہاکہ ہمیں کسی سے خوف نہیں کوئی میری قیمت نہیں لگا سکتا ہے اللہ تعالیٰ سے مدد مانگتے ہیں کسی سے مدد نہیں مانگتے یہ نیا پاکستان ہے جہاں امریکی ایمبیسی کے سامنے لائنوں میں ویزے کیلئے کھڑا ہوناپڑیگا اور نہ ہی دبائی جانا پڑے گا انہوں نے کہاکہ ہم یہاں سے پیسہ اکٹھا کر کے دکھائینگے قرضے نہیں لینگے اور نہ ہی کسی کی غلامی کرینگے یہ قوم ہر سال شوکت خانم ساڑھے تین سو کروڑ روپے دیتی ہے اور یہ کہنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ہمیں تم پر اعتماد ہے اور پیسہ دینے کیلئے تیار ہیں ٹیکس دینے کیلئے تیار ہیں لیکن وہ پیسہ غریب قوم پر خرچ ہوانہوں نے کہاکہ جب راولپنڈی آیا وہاں عوام کا سمندر تھا اتنی عوام پہلے کبھی نہیں دیکھی قوم فیصلہ کر بیٹھی ہے وزیر اعظم عمران خان اس قوم سے کبھی جھوٹ نہیں بولے گا اور نہ ہی کبھی جھوٹے وعدے کریگا یہ قوم کبھی قرضے نہیں مانگے گی پاکستان کو فلاحی ریاست بنائینگے انہیں خیبر پختوا خوا کی حکومت ملی ایک سال میں پولیس کو غیر سیاسی کر دیا ہے تھانے کی سیاست ختم کی کیونکہ تھانے کی سیاست لوگوں کو غلام بنا دیتی ہے خیبر پختون خوا پولیس کی گلو بٹ جیسوں کو نہیں پالے گی انہوں نے کہاکہ ملک میں لوڈشیڈنگ اس لئے ہوتی ہے کہ سب سے زیادہ پیسہ بجلی چوری میں بنتا ہے انہوں نے پانچ سو ارب روپے دیئے ہم اقتدار میں آکر آڈٹ کرینگے تو بڑے بڑے چور پکڑیں گے صرف پیسہ بنانے کیلئے مہنگی بجلی خریدی جارہی ہے انہوں نے کہاکہ گوجرانوالہ میں گلو بٹ کے رشتے دار پونی بٹ نے پتھراؤ کیا تو ایک پتھر گلو کار سلمان کے چہرے کے پاس سے گزرا شیخ رشید نے خودگولیاں چلاتے ہوئے دیکھا انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو کرکٹ بہت شوق تھا کبھی کبھی انہیں جم خانہ میں دیکھتا تھا نواز شریف اس وقت تک میچ نہیں کھیلتے تھے جب تک اس کے اپنے امپائر نہ ہوں نواز شریف معصوم چہرہ بنا کر ادھر تک پہنچ گئے ہیں اب قوم نے فیصلہ کرلیا ہے ہماری طاقت اللہ ہے ہماری کوئی قیمت نہیں اور نہ ہی ہمیں کوئی ڈرا سکتا ہے کوئی فیصلہ کربیٹھی ہے کہ نواز شریف کو اس وقت تک نہیں چھوڑینگے جب تک وہ مستعفی نہیں ہوجاتے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہاکہ وہ اپنے مطالبات( آج) اتوارکو اسی دھرنے میں پیش کرینگے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات