Live Updates

190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے علاوہ 8 نام ای سی ایل سے خارج

سابق وزیراعظم اور سابقہ خاتون اول کے ساتھ فرح گوگی اور ذلفی بخاری کے نام بھی ای سی ایل میں برقرار رہیں گے

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 15:17

190 ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے علاوہ 8 نام ای سی ایل ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) حکومت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاوہ 8 نام ای سی ایل سے خارج کردیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ کی سفارش پر 190 ملین پاؤنڈ کیس سے منسلک 8 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دے دی گئی ہے، وفاقی کابینہ نے نیب کی سفارش پر نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی منظوری دی جس کے بعد 190 ملین پاؤنڈ کیس سے منسلک 8 افراد کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جن افراد کے نام ای سی ایل سے نکالے گئے ان میں سابق سیکرٹری ٹو وزیراعظم اعظم خان، راجہ منظورکیانی اور عارف رحیم شامل ہیں، ان کے ساتھ نوید اکبر، سکندر حیات، نثار محمد، غلام حیدر اورعارف نذیر بٹ کے نام بھی ای سی ایل سے نکال دیئے گئے ہیں، تاہم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، فرح گوگی اور ذلفی بخاری کے نام ای سی ایل میں رہیں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت کی وفاقی کابینہ ارکان کے نام بھی ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیئے گئے، ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے نیب کی سفارش پر نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دی، موجودہ وفاقی کابینہ نے پی ٹی آئی کابینہ ارکان کے نام ای سی ایل سے نکالنےکی منظوری دی، جس کے بعد علی امین گنڈا پور، غلام سرورخان، مراد سعید، پرویز خٹک، شفقت محمود کے نام ای سی ایل سے نکال دیئے گئے، اس کے علاوہ اعجاز شاہ، علی زیدی، خسروبختیار، اعظم سواتی، اسد عمر، عمر ایوب، محبوب سلطان، فواد چوہدری، فروغ نسیم اور شیریں مزاری کے نام بھی ای سی ایل سے نکال دیے گئے ہیں، تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی، فرحت شہزادی اور ذلفی بخاری کے نام ای سی ایل پر برقرار رہیں گے۔

Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات