پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے، وزیراعظم

دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے لیے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ سعودی عرب کے وزیر تجارت سے ملاقات میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 15:30

پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات نئے دور میں داخل ہو چکے، وزیراعظم
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح فعال ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے ان خیالا ت کا اظہار سعودی عرب کے وزیر تجارت ماجد القصبی سے گفتگو کے دوران کیا جنہوں نے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم سے ملاقات کی، اس ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں، آئندہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا حجم بڑھانے کے حوالے سے بھر پور اقدامات اٹھائے جائیں گے، پاکستان میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ اور سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح فعال ہے، سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی میں میں پاکستانیوں کا کردار انتہائی اہم رہا ہے۔

سعودی وزیر تجارت نے کہاکہ ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کی واضح ہدایات کے مطابق ہم پاکستان کو سرمایہ کاری اور تجارت کے حوالے سے ترجیح دے رہے ہیں، سعودی کاروباری و تاجر برادری اور سرمایہ کاروں کا وفد جلد پاکستان کا دورہ کر رہا ہے، آئندہ ایک سے ڈیڑھ سال کے دوران دونوں ممالک کے معاشی اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے کے لئے اہداف کا تعین کیا جا رہا ہے، دونوں ممالک کے نوجوانوں اور نئی نسل میں سعودی پاکستان دوستی کے حوالے سے جذبات مزید اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔