اے ایس پی شہر بانو شادی کے بندھن میں بندھ گئیں‘ ویڈیو اور تصاویر وائرل

اپنی بارات کے موقع پر خاتون پولیس افسر نے سرخ رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 29 اپریل 2024 15:43

اے ایس پی شہر بانو شادی کے بندھن میں بندھ گئیں‘ ویڈیو اور تصاویر وائرل
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل 2024ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ اچھرہ میں خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی خاتون پولیس افسر شہربانو نقوی رشتہ ازدواج میں منسلک ہوچکی ہیں، جن کے خاص دن کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق شہربانو نقوی کی مہندی اور شادی کی تقریبات لاہور میں ہوئیں، شہربانو نے مہندی پر ڈیزائنر محسن نوید رانجھا کا پیلے رنگ کا شرارا پہنا جب کہ اپنی بارات پر خاتون پولیس افسر نے سرخ رنگ کا عروسی لباس زیب تن کیا، ان کے فوٹوگرافر کی جانب سے شیئر کی جانے والی مہندی و بارات کی تصاویر اور میک اپ آرٹسٹ کی پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں۔

 
بتایا گیا ہے کہ خاتون پولیس افسر شہربانو نقوی کی شادی اشتر نقوی نامی شخص سے ہوئی ہے جن کے پیشے یا خاندانی پس منظر سے متعلق معلومات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ خاتون پولیس افسر شہربانو نقوی کی بہادری نے عربی خطاطی والا لباس پہنے خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچایا تھا، یہ واقعہ رواں برس 25فروری کو لاہور کےعلاقے اچھرہ میں پیش آیا جہاں عربی خطاطی والا لباس پہن کر آنے والی خاتون کو مشتعل ہجوم نے گھرلیا تاہم اس کی اطلاع ملنے پر ایس ڈی پی او گلبرگ لاہور اے ایس پی شہربانو نقوی نے موقع پر پہنچ کر خاتون کو ہجوم سے بحفاظت نکال لیا۔

اس حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں خاتون کو خوف کے عالم میں اپنا چہرہ چھپائے ہوئے دیکھا گیا، اس دوران خاتون پولیس افسر کی مشتعل ہجوم سے بات کرتے ہوئے ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش ہوئی، جس میں خاتون پولیس افسر کی جانب سے مشتعل ہجوم کو یقین دلایا تھا کہ ’اگر خاتون نے توہین مذہب کا ارتکاب کیا ہے تو وہ اس کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی‘ بعد ازاں اے ایس پی شہربانو نقوی اپنی جان خطرے میں ڈال کر خاتون کو مشتعل ہجوم سے بحفاظت بچانے میں کامیاب ہوگئیں۔