پنجاب کے 36اضلاع کی ماڈل تحصیلوں میں پنجاب لٹریسی موومنٹ پراجیکٹ کے تحت 667 فنکشنل لٹریسی سنٹر قائم کیے جا رہے ہیں،ڈاکٹر پرویز احمد خان

پیر 25 اگست 2014 17:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25اگست۔2014ء) پنجاب کے 36اضلاع کی ماڈل تحصیلوں میں پنجاب لٹریسی موومنٹ پراجیکٹ کے تحت 667 فنکشنل لٹریسی سنٹر قائم کیے جا رہے ہیں ان سنٹروں کی بدولت صوبہ بھر کے ہر ضلع میں خواندگی کے تناسب میں مرحلہ وار 7فیصد سے زائد اضافہ ہو گا اور 16سے35سال کی عمر کے انتہائی غریب اور پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے دس لاکھ افراد کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کیا جا سکے گا۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری لٹریسی ڈاکٹر پرویز احمد خان نے پنجاب لٹریسی موومنٹ کی لانچنگ کے سلسلے میں ضلع ننکانہ صاحب کے علاقہ نذیر نگر میں لٹریسی سکول کے افتتاح کے موقع پر بطور مہمانِ خصوصی خطاب کے دوران کیا۔تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری ندیم عالم بٹ ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محمد عثمان ِ، ڈائریکٹر (فنانس) محمد اکرم جان ، متعلقہ افسران ،سماجی تنظیموں کے اراکین اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر پرویز احمد خان نے کہا کہ صوبے کے ہر ان پڑھ اور خاص طور پر بے وسیلہ افراد کو تعلیم دینا محکمہ خواندگی کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ جس کے لیے پنجاب لٹریسی موومنٹ پراجیکٹ کے تحت موجودہ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں ساٹھ کروڑ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ اُنہوں نے بتایا کہ پنجاب کے ہر ضلع میں موجود ان پڑھ افراد کی تعداد کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے لٹریسی سکول کھولے جائیں گے اور اس منصوبے کا بنیادی مقصد غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے طبقات کے بچوں اور جوانوں کو تعلیم کی روشنی سے آشنا کر کے انہیں معاشرے کا باوقار اور مفید شہری بنانا ہے۔

بعد ازاں سیکرٹری لٹریسی نے تنویر کالونی میں سماجی ادارے "پرائس"کے زیرِ انتظام چلنے والے لٹریسی سکول کے بچوں میں سکول بیگ تقسیم کیے او ر اپنے مختصر خطاب میں فروغِ خواندگی کیلئے کام کرنے والی سماجی تنظیموں کے کردار کو سراہتے ہوئے حکومتِ پنجاب کے خواندگی منصوبوں کو کامیاب بنانے کیلئے ممکنہ تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

متعلقہ عنوان :