اوپن یونیو رسٹی نے بین الاقوامی تعلیمی اداروں کیساتھ اشتراک عمل و تعاون کو فروغ دینے کیلئے ایک الگ شعبہ قائم کردیا

ہفتہ 30 اگست 2014 14:06

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اگست۔2014ء ) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ‘ پروفیسر ڈاکٹر علی اصغر چشتی نے معیار تعلیم میں مزیدبہتری لانے کے لئے "بین الاقوامی اشتراک عمل و تعاون "کے نام سے یونیورسٹی کے مین کیمپس میں ایک الگ شعبہ قائم کردیا ہے ‘ جو ملکی و بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل و تعاون کو فروغ دینے کے لئے کام کرے گا۔

وائس چانسلر نے شعبہ خصوصی تعلیم کے اسٹنٹ پروفیسر ‘ زاہد مجید کو اس نئے شعبے کا رابطہ کار(فوکل پرسن)مقرر کردیا ہے۔زاہد مجید بین الاقوامی تعاون کے امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔انھوں نے گذشتہ سال یونیورسٹی میں منعقدہ ایشین ایسوسی ایشن آف اوپن یونیورسٹیز کی 27۔ویں کانفرنس میں نہایت اہم کردار ادا کیا تھا۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی اشتراک عمل و تعاون کے نام سے قائم کئے جانے والا شعبہ ‘ یونیورسٹی میں اب تک دستخط شدہ ملکی اور غیر ملکی اشتراک عمل کی یاداشت کا ریکارڈ محفوظ رکھنے اور ان پر عمل درآمد کرانے کا ذمہ دار ہوگا۔

یہاں یہ ذکر کیا جاسکتا ہے کہ اوپن یونیورسٹی نے حال ہی میں تعلیم کے فروغ کے لئے چین ‘ برطانیہ ‘ امریکہ ‘ ملائیشیاء اور دیگر ممالک کے ساتھ مفاہمیت کی یاداشت پر دستخط کرچکی ہے اور مختلف نوعیت کے پراجیکٹس اشتراک عمل سے جاری ہیں۔بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل و تعاون کو فروغ دینے کے لئے یونیورسٹی میں قائم کیا گیا "بین الاقوامی اشتراک عمل و تعاون " کا شعبہ مفاہمیت کی یاداشت کے امور کو مزید مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔