پی ٹی وی پر حملے کے الزام میں پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے 200 سے زائد کارکن گرفتار

جمعہ 12 ستمبر 2014 22:45

پی ٹی وی پر حملے کے الزام میں پی ٹی آئی اور عوامی تحریک کے 200 سے زائد ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12ستمبر۔2014ء)اسلام آباد اورپنجاب پولیس نے پی ٹی وی ہیڈ کوارٹر پر حملہ اور ہنگامہ آرائی کرنے کے الزام میں پاکستان عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے 200 سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ہنگامہ آرائی، کار سرکار میں مداخلت اور پی ٹی وی کی عمارت میں حملہ کرنے کے جرم میں پولیس نے عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ تیزکر دی ہے جبکہ ابتدائی طور پر 200 سےز ائد کارکنوں کو حراست میں لیا جاچکا ہے، پولیس نے سرکاری ٹی وی کے ہیڈ کوارٹر پر حملہ کرنے والے ملزمان کا ڈیٹا نادرا سے حاصل کرلیا اور ان کی لوکیشنز کے بارے میں بھی پتہ لگایا جارہا ہے جبکہ ان میں سے بیشتر افراد اب بھی ریڈ زون کے دھرنے میں شریک ہیں تاہم ممکنہ رد عمل کے باعث انہیں گرفتار نہیں کیا جارہا ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب تحریک انصاف کے جلسوں میں میوزک اور لائٹنگ کا انتظام کرنے والے ڈی جے بٹ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، ڈی جے بٹ اور ان کے 30 ساتھی گزشتہ روز اسلام آباد کے میلوڈی فوڈ پارک میں کھانا کھانے آئے تو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سب کو گرفتار کرلیا، ذرائع کے مطابق ڈی جے بٹ اور ان کے دیگر ساتھیوں کے خلاف تھانہ آبپارہ میں ہنگامہ آرائی کرنے اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا، ادھر حکومت کی طرف سےڈی چوک میں پانی چوروں اور پانی کے پائپ توڑنے والوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔