تحریک انصاف کے گرفتار کارکن عدالت پیش ، کارکنان نے گاڑیوں کو جیل جانے سے روک دیا

ہفتہ 13 ستمبر 2014 14:26

تحریک انصاف کے گرفتار کارکن عدالت پیش ، کارکنان نے گاڑیوں کو جیل جانے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے ساتھیوں کو جیل لے کر جانے والی گاڑیوں کو روک لیا ہے، پی ٹی آئی رہنما عارف علوی کا کہنا ہے کہ انکے کارکنوں کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کےے بغیر جیل منتقل کیا جا رہا ہے جس کی اجازت نہیں دی جائے گی ، دوسری طرف ڈی جے بٹ کا کہنا تھا کہ انہیں گھر سے گرفتار کیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے اپنے ساتھی قیدیوں کو جیل منتقل کرنے والی گاڑیوں کو روک لیا ہے ،کارکنان نے ایک پولیس وین کی ہوا بھی نکال دی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے سینئر رہنماءڈاکٹر عارف علوی کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے کارکنوں کو مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیے بغیر انہیں جیل منتقل کیا جا رہا ہے ،اب تک ہزار سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف دھرنے سے پیچھے نہیں ہٹے گی ،جب تک مجسٹریٹ نہیں آتے گاڑیوں کو نہیں جانے دیں گے ، تین گھنٹے میں مجسٹریٹ نہ آیا تو ان پولیس وینز کے تالے توڑ دیں گے ، ہمارے پر امن دھرنے کو سبوتاژ کر نے کی کوشش کی جارہی ہے اور ہم سے ناروا سلوک کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے آصف بٹ عرف ڈی جے بٹ نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ وہ صرف پی ٹی آئی ہی نہیں بلکہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے لےے بھی کام کرتے ہیں ، رات اپنا کام کر کے فارغ ہوئے تھے کہ گھر کا دروازے بجا ،جب انہوں نے دروازہ کھولا تو پولیس کے سات سے آٹھ اہل کار کھڑے تھے جو انہیں اپنے ساتھ لے گئے ، ان کا کہنا تھا کہ انہیں با ربار ایک جگہ دوسری جگہ منتقل کیا جاتا رہا اور اس دوران ان کی آنکھوں پر پٹی باندھی جاتی تھی ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے ان کوئی جسمانی تشدد تو نہیں کیا گیا تاہم پولیس کے چند افسران کی جانب سے انہیں ہراساں کیا جاتا رہا ،ان کے موبائل اور سوا دو کلو کی سونے کی چین بھی اس وقت پولیس کے قبضے میں موجود ہے ۔ علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس کے آئی جی طاہر عالم عدالت کے احاطے میں پہنچے جہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ وہ نہ تھپڑ ماریں گے اور نہ ڈنڈا چلائیں گے بلکہ قانون توڑنے والوں کو گرفتار کر لیں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں دفعہ 144نافذ ہے اور پانچ سے زائد افراد کے اکٹھے ہونے پر پابندی عائد ہے ۔

متعلقہ عنوان :