گورنمنٹ اسلامیہ کالج قصورمیں کالج میگزین ”الادب “کی تقریب رونمائی

ہفتہ 20 ستمبر 2014 18:02

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2014ء )گورنمنٹ اسلامیہ کالج قصورمیں کالج میگزین ”الادب “کی تقریب رونمائی گزشتہ روز منعقد ہوئی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی چیئر مین شعبہ اردو ایف سی کالج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر پروفیسر اختر شمار تھے جبکہ اس موقع پر کالج کے پرنسپل راؤ اختر علی ، وائس پرنسپل سرفراز احمد معین ، پروفیسرز اور طلباء نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر پروفیسر اختر شمار نے کالج میگزین کی رونمائی کی اور انہوں نے قصور کالج سے وابستہ اپنی حسین یادوں کو فلیش بیک کے ذریعے پیش کیا اس کے علاوہ مہمان خصوصی نے نعت اور غزل کے اشعار بھی سنائے ۔ پروفیسر نیامت علی نے الادب کے جملہ اوصاف منظوم انداز میں پیش کئے ۔ پروفیسر جیکب پال نے الادب پر تحقیقی مقالہ پیش کیا ۔ پروفیسر ندیم احسان راؤ ، ڈاکٹر محمد ارشد شاہد اور پروفیسر سرفراز احمد معین نے بالترتیب اردو ، پنجابی اور عربی نگار شات پر گفتگو کی ۔ پروفیسر علی حسن چوہان صدر شعبہ اردو نے کالج میگزین کی اشاعت کی تکالیف اور مساعی جمیلہ کا ذکر کیا ۔ آخر میں پرنسپل راؤ اختر علی نے تمام مہمانوں، پروفیسرز اور طلباء کی کاوشوں کا شکریہ ادا کیا ۔