حکومت عوام کو پیچیدہ بیماریوں کے موثر علاج کیلئے وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیا کریگی‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن

منگل 23 ستمبر 2014 16:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) وزیر خزانہ ، ایکسائز و ٹیکسیشن پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو پیچیدہ بیماریوں کے موثر علاج کے لئے وسائل کی ری جنریشن کے ذریعے سٹیٹ آف دی آرٹ طبی سہولتیں مہیا کرے گی، طبی ماہرین تمباکو نوشی کے خلاف لوگوں میں شعورپیدا کریں کیونکہ سگریٹ نوشی لوگوں میں دل کی پیچیدہ بیماریوں کے علاوہ ٹی بی ‘ سانس و پھیپھڑوں کے کینسر اور دیگر بیماریوں کا باعث ہے،صحت کی سہولیات کی فراہمی پر 121.80 ارب روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جو کل بجٹ کا 11.66 فیصد ہے ،حکومت نیکم وسائل رکھنے والے لوگوں کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لئے 8ارب75 کروڑ روپے اور ماں و بچے کی صحت بارے ایک منصوبے کے لئے 1.80 ارب روپے فراہم کئے ہیں ،متعدی امراض کے کنٹرول کے لیے 2۔

(جاری ہے)

ا رب روپے اضافی مختص کئے گئے ہیں۔ورلڈ ہارٹ ڈے کے سلسلے میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ سادہ خوراک صبح کی سیر اور سادہ طرز زندگی اپنانے سے دل کی بیماریوں سے بچنے کا موزوں طریقہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دل کی بیماریوں کا رحجان اب نوجوانوں میں بھی نظر آرہا ہے اور 45 سال سے زائد عمر کے 40 فیصد افراد جبکہ 65 سال سے زائد عمر کے افراد میں 7 فیصد افراد دل کے مختلف عارضوں میں مبتلا ہیں جبکہ نوجوانوں میں کولیسٹرول لیول زیادہ ہونے کی بھی شکایات آرہی ہیں جس سے بچنے کے لئے وزن کو کم کرنا ، باقاعدگی سے ورزش اور میڈیکل چیک اپ کروایا جائے ۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے لگائے گئے کیمپ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے مجتبیٰ شجاع الرحمن نے مخیر حضرات سے کہا کہ وہ سیلاب زدہ بھائیوں کی امداد کے لئے دل کھول کر عطیات دیں ۔انہوں نے عوام سے بھی کہا کہ وہ امدادی فنڈ میں زیادہ سے زیادہ رقوم جمع کروائیں ۔انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ گان کی مکمل بحالی کے لئے ہرممکن وسائل مہیا کئے جارہے ہیں اور جب تک متاثرین اپنے پاؤں پر کھڑے نہیں ہو جاتے عوام اور حکومت کی جانب سے امدادی اشیاء کی فراہمی جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی ہر یونین کونسل پر ادائیگیوں کے انتظامات کئے جا رہے ہیں اور جن علاقوں میں متاثرین زیادہ ہوئے وہاں سکولوں میں بھی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امدادی رقوم کی فراہمی کے سروس سنٹرصبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک روزانہ کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی تاریخ کے بدترین سیلاب متاثرین کے ریسکیو وبحالی کے لئے ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن شروع کیا گیا ہے اور اس کی نگرانی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کر رہے ہیں جبکہ وہ روزانہ خود سیلاب زدہ علاقوں کا جنگی بنیادوں پر دورہ کر رہے ہیں ۔