امن کے سفیر کراچی سے اسلام آباد کا پیدل سفر کرنے والے اورنگزیب سلطان (کل )اسلام آباد پہنچیں گے،

گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہولڈر انٹرنیشنل اتھیلیٹ کا پاکستان کے لئے جذبہ قابل تحسین ہے،ڈاکٹر جمال ناصر

جمعرات 25 ستمبر 2014 18:43

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25ستمبر 2014ء) امن ، محبت بھائی چارے کے فروغ اور افواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لئے کراچی سے پیدل اسلام آباد کا سفر طے کرنے والے پاکستان کے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ ہولڈعالمی شہرت یافتہ اتھلیٹ اورنگزیب سلطان اپنے سفر کے آخری مرحلے میں کل برو زہفتہ راولپنڈی سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہوں گے اور اپنے سفر کا اختتا م نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں کریں گے۔

اسلام آباد پہنچنے پر اورنگزیب سلطان کا شاندار استقبال کیا جائے گا اور پاکستان میں امن وسلامتی کے کے لئے ان کے جذبے اور عملی کاوشوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔ اورنگزیب سلطان جیسے نوجوان پاکستان کا فخر اور قیمتی اثاثہ اور بالخصوص ان نوجوانوں کیلئے ایک رول ماڈل ہے جو ملک و ملت کے لئے کچھ کر گزرنے کا جذبہ رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس امر کا اظہار پاکستان گرین ٹاسک فورس کے صدر اور معروف مسلم لیگی وسماجی رہنما ڈاکٹر جمال ناصر نے راولپنڈی میں اورنگزیب سلطان کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کے موقع پر کیا جس میں پاکستان گرین ٹاسک فورس کے ممبران نے شرکت کی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے لئے عالمی اعزاز حاصل کرنے پر نوجوان اورنگزیب سلطان کو پاکستان میں امن و محبت اورافواج پاکستان کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے کراچی سے اسلام آباد کا طویل سفر پیدل طے کرنے پر انہیں مبارک باد دی اور کہاکہ ان کا یہ قومی خدمت کا یہ جذبہ قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ایسے کھیلوں کو فروغ دیا جائے جن کے ذریعے نوجوان کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔

اورنگزیب سلطان نے ڈاکٹر جمال ناصر کی طرف سے پذیرائی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ خالصتاً پاکستان میں امن و امان اورو اہل پاکستان میں اتحاد ، محبت ، یگانگت اور افواج پاکستان سے یکجہتی کے اظہار کیلئے اپنے سفر پر نکلے ہیں اور کراچی سے اسلام آباد تک ہر مقام پر انہوں نے تعلیمی اداروں ، مساجد،اور امام بارگاہوں سمیت ہر جگہ پر امن کے پیغام کو عام کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے ساتھ دانیا ل اسلم اور محمد فراز بھی محو سفر ہیں۔