اسلام آباد میں دھرنوں پر بیٹھے افراد گھرجانا چاہتے ہیں، امریکی اخبار

جمعہ 26 ستمبر 2014 12:52

اسلام آباد میں دھرنوں پر بیٹھے افراد گھرجانا چاہتے ہیں، امریکی اخبار

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر۔2014ء) امریکی اخبار” لاس اینجلس ٹائمز“نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ اسلام آباد میں دھرنوں پر بیٹھے افراد گھرجانا چاہتے ہیں ‘ انسانی فضلے کی بو،حفظان صحت کی خراب صورتحال اور بچوں کی دیکھ بھال میں مشکلات کی وجہ سے بہت سی خواتین اپنے گھروں کو واپس لوٹ چکی ہیں ۔امریکی اخبار ” لاس اینجلس ٹائمز“ نے اپنی تازہ رپورٹ میں انکشاف کیا کہ اسلام آباد میں جاری دھرنوں کے شرکاء اب پریشانی کا شکار ہیں۔

تحریک انصاف کے دھرنے میں شام کو عمران خان خطاب کیلئے کنٹینر سے باہر نکلتے ہیں ،اس وقت مظاہرین کی کچھ تعداد بڑھ جاتی ہے اور وقتی طورپران کا موڈ اچھا ہوتا ہے۔ دھرنے میں شامل ہری پورکی ایک خاتون اوراس کے دو رشتے داروں کو روزانہ 400 روپے کی ادائیگی اورانقلاب کے بعد گھر دینے کے وعدے پر اسلام آباد لایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق مظاہرین میں زیادہ ترنوکری پیشہ افراد اور مزدور طبقہ ہے جو احتجاجی رہنماؤں اور سیاست سے وابستہ اپنے مالکان کے حکم پر نقد رقم کے لالچ میں اسلام آباد آئے ہیں ‘گھروں کو لوٹنے کی صورت میں انہیں نوکری سے برطرفی کی دھمکی دی گئی ہے۔

مبصرین کے مطابق مظاہرین اور حکومت کے درمیان تنازع میں مایوسی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ پوری ریاست کانظام اور قومی سطح کے مذاکرات مفلوج ہیں ۔ کوئی بھی شخص یہ نہیں سوچتا کہ کچھ تبدیل ہونے جارہاہے۔بعض مبصرین کے مطابق عمران خان اور طاہرالقادری نے اپنے حامیوں میں غصے کوبھڑکایا ۔ مظاہرین کی طرف سے پولیس افسران کو ہراساں اور مارا پیٹا گیا اورامن وامان کا مسئلہ پیدا کیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مظاہرین میں اکثریت نوجوانوں کی ہے اور انہیں ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنا سکھایا جا رہا ہے وہ پولیس سے خوفزدہ نہیں ہیں جو خطرناک امر ہے۔

متعلقہ عنوان :