امریکیوں کے سرقلم کرنے والے داعش جنگجوکی شناخت کا دعویٰ،

جنگجوانگریزی بولتاہے تاہم ملک اورنام ظاہر نہیں کروں گا،ڈائریکٹرایف بی آئی کی میڈیاسے گفتگو

جمعہ 26 ستمبر 2014 19:01

امریکیوں کے سرقلم کرنے والے داعش جنگجوکی شناخت کا دعویٰ،

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر 2014ء) امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) نے دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کے نقاب پوش قصاب کی شناخت کا دعویٰ کیا ہے۔اس نقاب پوش سفاک قاتل کو دو امریکی صحافیوں اور ایک برطانوی امدادی رضاکار کا سرقلم کرنے کی ویڈیوز میں دیکھا گیا تھا۔ایف بی آئی کے ڈائریکٹر جیمز کومی نے واشنگٹن میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران اس نقاب پوش قاتل کی شناخت کا دعویٰ کیا ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ وہ اس کا یا ملک کا نام ظاہر نہیں کریں گے۔

جیمز کومی نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ آیا اس شناخت ہونے والے شخص ہی نے تینوں مغربی باشندوں کے سر قلم کیے تھے کیونکہ ویڈیوز میں اس کو ایک بڑا چھرا پکڑے ہوئے تو دکھایا گیا تھا لیکن ان کے سرقلم کرتے ہوئے نہیں دکھایا گیا تھا اور اس کی گفتگو اور مقتولین کے بیان کے بعد ان کی سربریدہ لاشیں دکھائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ایف بی آئی کے سربراہ نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ ہم نے اس قاتل کو شناخت کرلیا ہے لیکن میں آپ کو یہ نہیں بتاوٴں گا کہ یہ کون ہے؟ جیمز کومی نے ان رپورٹس کی بھی تردید یا تصدیق نہیں کی کہ ویڈیوز میں نمودار ہونے والا مشتبہ قاتل برطانوی شہری ہے۔

البتہ انھوں نے کہا کہ ایف بی آئی کو داعش کی جانب سے جاری کردہ ایک اور فلم پر تشویش پر ہے کیونکہ اس میں نمودار ہونے والا شخص شمالی امریکا کے لب ولہجے میں انگریزی میں گفتگو کررہا ہے۔داعش نے جنگ کے شعلے کے عنوان سے اسی ماہ ایک ویڈیو جاری کی جس میں مغربی ناظرین کو مخاطب کیا گیا ہے۔اس میں نمودار ہونے والے نقاب پوش جنگجو نے فوجی وردی پہن رکھی ہے اور وہ انگریزی میں مخاطب ہے۔جیمزکومی نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ویڈیو میں نمودار ہونیوالا شخص شمالی امریکا کے لب ولہجے میں انگریزی بول رہا ہے۔اب ہماری زیادہ توجہ اسی پر مرکوز ہے۔

متعلقہ عنوان :