دھرنے والوں نے انتخابات میں اپنی شکست کا انتقام پھلتی پھولتی اورترقی کرتی ملکی معیشت سے لیا ہے ‘ انجینئر خرم دستگیر

ہفتہ 27 ستمبر 2014 17:53

گوجرانوالہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27ستمبر۔2014ء) وفاقی وزیر تجارت انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سازشی عناصر کی منفی سیاست مسلم لیگ (ن)کو عوامی خدمت سے نہیں روک سکتی، شریف برادران عوام کے دکھوں کا مداوا کر نے کیلئے پہلے سے بھی زیادہ کام اور مخالفین کے منہ بند کر دیں گے، شہباز شریف کی تقلید کرنا میٹرو بس پر تنقید کرنے والوں کی مجبوری بن گئی ۔

ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر کھلی کچہری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ دھرنے والوں نے عام انتخابات میں اپنی شکست کا انتقام پھلتی پھولتی اورترقی کرتی ہوئی ملکی معیشت سے لیا ہے اور لوڈ شیڈنگ و انتہا پسندی کے خلاف بر سر پیکار مسلم لیگ (ن) کی منتخب حکومت کی راہ میں روڑے اٹکا کر ملک کے مستقبل کے ساتھ گھناؤنا کھیل کھیلا ہے اور جمہوری نظام کے خلاف گہری سازش کی ہے ان کے اس جمہوریت دشمن رویے پر عوام ان کا کڑا محاسبہ کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں بد ترین شکست کھانے اور55حلقوں میں اپنی ضمانتیں ضبط کروانے کے بعد ملک بھر سے تحریک انصاف کے صرف 30امیدواروں نے الیکشن ٹریبونل میں اعتراضات داخل کئے جن میں سے 19کا فیصلہ کیا جاچکا ہے جس سے صاف ظاہر ہے کہ دھاندلی کے واویلے کا مقصد مسلم لیگ ن کی حکومت کو کام کرنے سے روکنا ہے لیکن شکست خوردہ عناصر یاد رکھیں کہ انکے اوچھے ہتھکنڈے مسلم لیگ (ن)کی حکومت کو عوامی خدمت کے ایجنڈے سے پیچھے نہیں ہٹا سکتے اور شریف براداران ملک و قوم کی پہلے سے بھی زیادہ خدمت کر کے اپنے خلاف منفی پراپیگنڈے کا منہ تو ڑجواب دینگے۔