دنیا بھر سے حجاز مقدس پہنچنے والے 25 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام کل فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے منیٰ روانہ ہونگے

بدھ 1 اکتوبر 2014 17:19

دنیا بھر سے حجاز مقدس پہنچنے والے 25 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام کل فریضہ ..

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اکتوبر۔2014ء) دنیا بھر سے حجاز مقدس پہنچنے والے 25 لاکھ سے زائد فرزندان اسلام کل جمعرات کو فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے منیٰ روانہ ہوں گے جہاں سے 9 ذوالحج (جمعہ)کو حج کے رکن اعظم ”وقوف عرفات“ کیلئے میدان عرفات پہنچ کر فریضہ حج ادا کریں گے، مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے ساتھ ساتھ نماز ظہر اور عصر میدان عرفات میں ادا کی جائیگی۔

نماز عصر اور مغرب کے درمیان وقوف عرفات ہوگا جس میں حاجی اللہ رب العزت کے حضور انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ دعائیں کریں گے۔ سورج غروب ہونے کے ساتھ ہی حاجیوں کیلئے فوری طور پر میدان عرفات چھوڑنے کا حکم ہے۔ اس کے بعد حجاج مزدلفہ کیلئے روانہ ہونگے۔ مزدلفہ پہنچنے کے بعد حاجی سب سے پہلے نماز مغرب اور نماز عشاء اکٹھی ادا کریں گے اور کنکریاں چننے کے بعد رات کھلے آسمان کے نیچے مزدلفہ میں قیام کریں گے۔

(جاری ہے)

10ذوالحج کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد حاجی منیٰ واپس پہنچیں گے جہاں پہلے دن بڑے شیطان کو کنکریاں مار کر قربانی کریں گے اور رمی کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ 11 ذوالحج کو بھی حاجی شیطانوں کو کنکریاں ماریں گے اور اس دن بھی رات کا ایک خاص پہر منیٰ میں قیام کرنے کا حکم ہے۔12 ذوالحج کو آخری دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حاجیوں کی مکہ کے لئے واپسی شروع ہوجائیگی۔ 12 ذوالحج مغرب سے پہلے پہلے تمام حاجیوں کیلئے لازم ہے کہ وہ مکتہ المکرمہ مسجدالحرام پہنچ کر طواف زیارت کریں۔ اس کے ساتھ ہی مناسک حج مکمل ہوجائیں گے۔

متعلقہ عنوان :