بھارت ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں بند کرے‘ وفاقی وزیر دفاعی پیداوار،

مودی سرکار نے اپنا طرز عمل تبدیل نہ کیا تو پاک فوج بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دے گی‘ صحافیوں سے گفتگو

جمعہ 10 اکتوبر 2014 18:53

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10اکتوبر 2014ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی اور نہتے‘ پرامن اور معصوم شہریوں پر بھارت کی اشتعال انگیز فائرنگ قابل مذمت ہے‘ بھارت کی جارحیت سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے جس کا اقوام متحدہ کو نوٹس لینا چاہئے اور مودی سرکار کو بھی اپنے طرز عمل میں تبدیلی لانا ہوگی‘ پاکستان ایٹمی طاقت ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے‘ مادر وطن کیلئے جان دینے والے نوجوانوں‘ ماؤں اور بزرگوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا‘ بھارت کا جنگی جنون خطے سمیت پوری دنیا کیلئے خطرے کا باعث بن سکتا ہے‘ بھارت جنگی جنون کی بجائے ہوش سے کام لے‘ اگر بھارت نے فوری طور پر ایل او سی کی خلاف ورزی بند نہ کی تو پاک فوج دندان شکن جواب دے گی‘ ہمارے بہادر جوان ملکی دفاع اور قوم کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اپنے آفس صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نی کہا کہ پاکستان ایک آزاد اور خودمختار ملک اور ایٹمی طاقت ہے۔ اگر بھارت نے ہٹ دھرمی نہ چھوڑی تو خطے میں بربادی کا ذمہ دار بھارت ہوگا اور بھارت کی آنے والی نسلیں بھی مودی سرکار کو بھارت کی بربادی کا ذمہ دار قرار دیں گی۔ ہم خطے سمیت پوری دنیا میں امن چاہتے ہیں لیکن بھارت کا جنگی جنون سب سے بڑی رکاوٹ بنتا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پر آرمی چیف اور دیگر افسران سمیت پاک فوج کے جوان مبارکباد کے مستحق ہیں۔ پاک فوج نے جس طرح دہشت گردوں کیخلاف جنگ لڑی وہ قابل تحسین ہے۔

متعلقہ عنوان :