پی پی پی کا اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں ہونے والا عوامی جلسہ تاریخ کے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا،چودھری محمد یٰسین

پیر 13 اکتوبر 2014 17:56

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13 اکتوبر۔2014ء ) آزاد جموں و کشمیر کے سینئر وزیر چودھری محمد یٰسین نے کہا ہے کہ پی پی پی کا اٹھارہ اکتوبر کو کراچی میں ہونے والا عوامی جلسہ تاریخ کے تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا اورآزاد کشمیر بھر سے لاکھوں افراد شریک ہوں گے ، سیکڑوں گاڑیوں کے قافلے کراچی کے لئے رواں دواں ہوں گے 18اکتوبر کو پاکستان پیپلز پارٹی روایتی جلسہ نہیں کرے گی بلکہ شہدائے جمہوریت کو اپنے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں خراج عقیدت پیش کرنے جا رہی ہے۔

پارٹی کی اعلی قیادت کے احکامات پر پارٹی کے تمام چھوٹے بڑے ذمہ داروں نے آزاد کشمیر بھر میں عوامی روابط کا سلسلہ تیز کر دیا ہے اور پی پی پی اس جلسے میں تمام جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گی۔

(جاری ہے)

تمام ضلعی صدور کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ عوام کو جلسہ گاہ لانے کے لئے ٹرانسپورٹ کا انتظا م کریں اور جلسہ میں شرکت کے لئے آنے والے کارکنوں اور عوا م کو سہولتیں میسر کرنے کے لئے ہر قسم کے اقدامات عمل میں لائے جائیں کراچی میں مقیم کشمیری کمیونٹی کا جلسہ کی کامیابی میں اہم کردار ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کو کراچی جلسہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کا حقیقی گڑھ ہے جہاں ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کے نظریات کے امین لوگ رہتے ہیں ،پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے مرکزی قیادت کی ہدایات پر کراچی جلسہ کامیاب بنانے کے لئے عوامی رابطوں کی مہم شروع کی ہوئی ہے ،18اکتوبر کے جلسہ کیلئے کسی قسم کے سرکاری وسائل استعمال نہیں کئے جائیں گے پیپلز پارٹی کی ضلعی تنظیمیں اپنے ذاتی وسائل سے کارکنان کو ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات میسر کریں گی ۔

دریں اثنا سینئر وزیر چودھری محمد یٰسین سے وزیر سیاحت عبدالسلام بٹ نے یہاں انکی اقامت گاہ اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ملاقات میں کراچی جلسہ کے حوالے سے بات چیت ہوئی ،دونوں رہنماؤں نے اس حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا،اس موقع پر وزیر سیاحت نے کہاکہ کشمیری مہاجرین مقیم پاکستان جلسہ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے ،کارکنان اپنے اپنے حلقہ کے کارنر میٹنگز کر رہے ہیں ۔انشاء اللہ کشمیری عوام بلاول بھٹو سے بھرپور اظہار یکجہتی کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :