سندھ میں اگلا الیکشن پاکستان تحریک انصاف کا ہوگا ،زبیر خان

بدھ 22 اکتوبر 2014 17:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 اکتوبر۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سینئر رہنما محمد زبیر خان نے کہا ہے کہ سندھ میں اگلا الیکشن پاکستان تحریک انصاف کا ہوگا ، سندھ میں بلند و بانگ دعوے کرنے والی پیپلز پارٹی آج تک سندھ کی عوام کو صحت اور تعلیم جیسے بنیادی سہولیات سے محروم رکھے ہوئے ہے، آج بھی سندھ میں اسکول اور اسپتال خستہ حالی کا شکار ہیں جبکہ تھر میں اناج کے گودام بھرے ہونے کے باوجود عوام غذائی قلت کا شکار ہوکر موت کے شکنجے میں جارہے ہیں اور پانی جیسی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں جو حکومتی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

سندھ کی دیہی اور شہری عوام کو ایک نظر سے دیکھا جائے ،سندھ میں بسنے والے تمام لوگ سندھی ہیں اور تمام کے یکساں حقوق ہیں ۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے تحریک انصاف لیبر ونگ کے مرکزی میڈیا سیل میں صحافیوں اور ورکروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں ۔ محمد زبیر خان نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں اور دونوں جماعتیں ہی ملک کی بنیادوں کو دیمک کی طرح کھوکھلا کر رہے ہیں ۔

سندھ کی عوام چیئرمین عمران خان کے پیغام کو بخوبی سمجھ چکے ہیں ، پاکستان تحریک انصاف سردارانہ ، جاگیردارانہ نظام کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی۔ محمد زیبر خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اے آر وائے چینل کی معطلی کی بھر پور مذمت کرتی ہے ، اے آر وائے نیوز پر بندش جمہوریت نہیں بلکہ جمہوریت کے نام پر ڈاکہ ہے ،حکومت میڈیا پر پابندی عائد کر کے عدم برداشت کے رویے کو فروغ دینا چاہتی ہے ۔ ہم پیمرا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اے آر وائے کی بند ش سے پابندی کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور اے آر وائے کے لائسنس کو فوری طور پر بحال کیا جائے ۔