یونیورسٹی میں اس وقت کوئی بھی بھرتی کسی بھی طرح غیر قانونی نہیں کی گئی۔ سرگودھا یونیورسٹی ترجمان

جمعرات 30 اکتوبر 2014 17:12

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30 اکتوبر۔2014ء) اس امر کی وضاحت کی جاتی ہے کہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں جملہ بھرتیاں اور دیگر معاملات تمام قانونی اورضروری تقاضے پورے کرنے کے بعد انجام پاتے ہیں۔ یونیورسٹی میں اس وقت کوئی بھی بھرتی کسی بھی طرح غیر قانونی نہیں کی گئی۔ یونیورسٹی کے ترجمان نے گزشتہ روز چند اخبارات میں شائع ہونے والی خبرکو کہ یونیورسٹی آف سرگودھا میں سو سے زائد بھرتیاں بوگس ہیں ”بالکل حقائق کے منافی ،جھوٹ اورمنفی پراپیگنڈے قرار دیا“ ۔

ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی میں تمام بھرتیاں ہمیشہ باقاعدہ اشتہارات جاری کرنے اور انٹرویو کے بعد میرٹ پر کی جاتی ہیں۔جامعہ سرگودھا نے سنڈیکیٹ کا ایجنڈا قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد باقاعدہ سرکولیشن کے ذریعے ممبران سنڈیکیٹ کو بھجوایا جسے سنڈیکیٹ ارکان نے منظور بھی کیا تاہم اسے سیاسی رنگ دے کر اورخاص مقاصدکے حصول کے لئے زبردستی رکوادیا گیا جس کے ذریعے یونیورسٹی کے تمام انتظامی اور مالی معاملات کو انتہائی شدید نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی ترجمان نے مزید بتایا کہ اس وقت سرگودھا ،میانوالی اور بھکر کے کیمپسز میں30ہزار طلبہ وطالبات کا داخلہ اورہر شعبہ میں سو فیصد میرٹ کی پالیسی لاگو ہے اور اس پالیسی کو نہ صرف علاقہ کے تعلیمی ،سماجی ،سیاسی اور دیگر حلقے سراہتے ہیں بلکہ اس کے شروع کئے گئے تعلیمی وتحقیقی منصوبہ جات کو ملک بھر کے تعلیمی وسماجی فورمز پر بہت سراہا جاتا ہے ۔واضح رہے کہ جامعہ سرگودھا کاشمار اپنی اعلیٰ کارکردگی کی بناء پرملک بھر کی ٹاپ ٹین یونیورسٹیوں میں ہوتا ہے ۔