واہگہ بارڈرپر خود کش حملہ آور یزید کے پیروکار اور اسلام کے دشمن ہیں،قاضی ضرغام الحق ایڈووکیٹ

پیر 3 نومبر 2014 17:31

حجرہ شاہ مقیم(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 3نومبر 2014ء ) واہگہ بارڈرپر خود کش حملہ آور یزید کے پیروکار اور اسلام کے دشمن ہیں ،طاغوتی قوتیں پاکستان کی سا لمیت درپے ہیں جو ملک میں عدم استحکام کی فضا قائم کر کے اندرونی انتشارپھیلانا چاہتے ہیں ،حکومت فوری طور پر حالیہ خود کش حملہ کے عاقبت نااندیش کرداروں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے ،ان خیالات کا اظہار معروف قانون دان قاضی ضرغام الحق ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا ،انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دنوں میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہونے کے باوجود دھشت گردوں کی جانب سے اتنی بڑی کاروائی حکومت اور انتظامی اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،دھشت گردوں نے لاہور میں تباہی پھیلا کر سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر جہاں ایک سوالیہ نشان لگادیا ہے وہاں سینکڑوں خاندانوں کو بھی سوگوار کر دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا بھر میں بہادری اور عزم و ہمت کی مثال ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے اپنے پیاروں کی نعشیں اٹھا رہی ہے مگر حضرت امام حسین کی پیروی کرتے ہوئے باطل قوتوں کے سامنے ہار نہیں مانی ،خدا مملکت خداداد کی حفاظت کرنے والا ہے اور آئندہ بھی اسلام اور پاکستان مخالف قوتیں اپنے ناپاک ارادوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو نگی۔

متعلقہ عنوان :