لیاری میں بیرون ملک سے بھی دہشت گرد آتے ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

جمعہ 7 نومبر 2014 23:28

لیاری میں بیرون ملک سے بھی دہشت گرد آتے ہیں: وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7نومبر۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ کے زیر صدارت اجلاس میں لیاری میں پانچ نئے تھانے قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ لیاری میں ملک کے علاوہ بیرون ملک سے بھی دہشت گرد آتے ہیں۔ لیاری کے عوام کو گینگ وار کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔وزیراعلی ہائوس میں کراچی خصوصاً لیاری میں جرائم پر کنٹرول کرنے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے زیر صدارت امن وامان سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں لیاری میں پانچ نئے تھانے قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ لیاری سمیت کراچی میں حساس تھانوں کے پولیس اہلکاروں کو خصوصی الاؤنس فراہم کرنے میں مزید توسیع کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ لیاری کے عوام کو گینگ وار کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

(جاری ہے)

کراچی بالخصوص لیاری میں ملک کے بالائی علاقوں، بلوچستان، ٹی ٹی پی کے علاوہ دیگر ممالک سے جرائم پیشہ افراد اور دہشت گرد آتے ہیں جن کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں لیاری ڈویلپمنٹ پیکیج کے تحت لیاری کے ترقیاتی کاموں کیلئے پانچ سو ملین روپے کی رقم فوری طور پر جاری کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے لیاری میں امن وامان سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لیاری میں اب تک 132 جرائم پیشہ افراد پولیس مقابلوں میں مارے جا چکے ہیں۔ گزشتہ مہینوں کے مقابلے میں کراچی اور لیاری میں ٹارگٹ کلنگ میں واضح کمی آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :