کسووال ، نواحی گاؤں میں محکمہ زراعت کا 1993ء میں تعمیر ہونے والا دفتر آج تک آباد نہ ہو سکا، دفتر پر لوگوں نے قبضہ کر لیا، کوئی پوچھنے والا نہیں،، اہل دیہہ کا ارباب اختیار سے اصلا ح واحوال کا مطالبہ

ہفتہ 8 نومبر 2014 15:54

کسووال(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 8نومبر 2014ء)کسووال کے نواحی گاؤں میں محکمہ زراعت کا 1993ء میں تعمیر ہونے والا دفتر آج تک آباد نہ ہو سکا، دفتر پر لوگوں نے قبضہ کر لیا، کوئی پوچھنے والا نہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نواحی گاؤں 101 بارہ ایل میں 1993ء میں تعمیر ہونے والا محکمہ زراعت کے دفتر میں آج تک 21سال گزرنے کے باوجود محکمہ کا کوئی اہلکار یا افسر نہیں بیٹھا ، اہل دیہہ حیران ہیں کہ آخر لاکھوں روپے کی لاگت سے ایک ایکڑ زمین میں بننے والے اس دفتر کی ضرورت ہی کیا تھی، گاؤں کی جناح آبادی میں بننے والے اس دفتر پر مقامی لوگوں نے قبضہ کر لیا ہے جب کہ اس کی خالی پڑی زمین پر خانہ بدوشوں نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں، اہل دیہہ نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر محکمہ زراعت دفتر کو قبضہ گیروں سے واگزار کرا کر اس کی دیکھ بھال کرے اور فیلڈ اسسٹنٹ کو باقاعدہ اس دفتر میں حاضری کا پابند بنایا جائے تاکہ کاشتکاروں کو فائدہ ہو سکے۔