پاکستان امن پسند ملک ہے ،پاکستانی محبت او ر پیار کرنے والی قوم ہیں‘ گورنر پنجاب

منگل 11 نومبر 2014 22:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11نومبر 2014ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور پاکستانی محبت او ر پیار کرنے والی قوم ہیں، ہم اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے برابری کی سطح پر عزت و احترام کے ساتھ رہنے کو ترجیح دیتے ہیں ، سکھ برادری ہو ، ہندو یا عیسائی قوم، بحیثیت مسلمان ہمارا ان سے محبت اور پیار کا رشتہ دن بدن بڑھ رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں بابا گورونانک کے 546ویں جنم دن کے حوالے سے منعقدہ بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کے دوران کیا ۔سیمینار کا انعقاد دیا ل سنگھ ریسرچ اینڈ کلچرل فورم نے کیا تھا جس میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق اور محتلف سکھ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ سکھ قوم جتنا پیار پاکستانیون سے کرتی ہے انتا کسی اور سے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سکھ قوم محنتی، دلبر اور محبت کرنے والی قوم ہے جنہوں نے پوری دنیا میں اپنی کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک اور بابا فرید شکر گنج کے نظریات ایک جیسے تھے کیونکہ دونوں قومیں توحید پر یقین رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سکھوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت اپنا فرض سمجھ کر کرتے ہیں اور ہر سال ان مذہبی مقام کی یاترا کرنے کے لئے ویزے کے حصول کے لئے ہر ممکن سہولت دی جاتی ہے اور ہر سال پاکستان کا دورہ کرنے والے سکھوں کی تعداد میں اضافہ اس بات کا عملی ثبوت ہے۔

اس موقع پر متروکہ وقف کے چیئرمین صدیق الفاروق نے کہا کہ سکھوں کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستانیوں کو بے حد خوشی ہویت ہے اور وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہر سطح پر سکھوں کے مذہبی مقامات کی حفاظت کے لئے تمام وسائل برو کارلارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے سکھ یاتریوں کی سہولت اور ان کا ہر طرح کا خیال رکھا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں ان کے قیام اور رہائش کی سہولتوں کو بہتر کیا جا رہا ہے۔

سیمینار سے ڈائریکٹر دیال سنگھ رسرچ اینڈ کلچرل فورم اور سکھوں کی مختلف تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی خطاب کیا اور بابا گورونانک کے افکار پر روشنی ڈالی۔بعد ازاں گورنر ہاؤس لاہور میں یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کی طالبہ رابعہ فریدی کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ رابعہ فریدی کا ملک میں تعلیم کے فروغ اور خواتین کو بااختیا ر بنانے کا عزم پوری قوم کے لئے قابل تقلید ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں رابعہ کا کردار نہ صرف پاکستانی خواتین بلکہ پوری قوم کے لئے اعزاز ہے جس نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں ۔انہوں نے رابعہ فریدی کو جونوانوں کا عالمی سفیر برائے سال 2014 ء مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ ہمارے ملک کی نصف سے زائد آبادی خواتین پر مشتمل ہے اور بلاشبہ خواتین نے تعلیمی میدان میں ہی نہیں بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھنے کا عزم اور حوصلہ رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد راستہ ہے جس پر توجہ دے کر بہتر انسانی وسائل تیار کئے جاسکتے ہیں کیونکہ ایک تعلیم یافتہ اور باشعور قوم ہی پائیدار ترقی کی بنیاد بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا ایک مقصد صنفی بنیاد پر تفاوت کو دور کرنا ہے اور خواتین کی بھر پور شرکت کے بغیر کوئی بھی ملک یا معاشرہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ ہمارے یہی نوجوان نسل ایک روشن خوشحال اور تابناک پاکستان کی نوید ہیں۔ گورنر نے کہا کہ نوجوان نسل کو دورِحاضر کے جدید تقاضوں اور علوم سے آگاہ کرنے کے لئے ہماری یونیورسٹیوں کا کردار کلید ی ہے۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے رابعہ فریدی کواعزازی شیلڈ بھی دی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے ادارے کی کارکردگی اور رابعہ فریدی کے تعلیم کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر تفصیلاً روشنی ڈالی۔

متعلقہ عنوان :