وزیراعلیٰ پنجاب نے چھوٹے کاشتکاروں کو آسان شرائط پر بائیو گیس ٹیوب ویل پلانٹ دینے کے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دیدی

منگل 11 نومبر 2014 23:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چھوٹے کاشتکاروں کو آسان شرائط پر بائیو گیس ٹیوب ویل پلانٹ فراہم کرنے کے پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔ پائلٹ پراجیکٹ جنوبی پنجاب کے ضلع بہاولنگر اور قصور سے شروع کیا جائے گاجس کے تحت دونوں اضلاع میں چھوٹے کاشتکاروں میں 36 بائیوگیس ٹیوب ویل پلانٹ دئیے جائیں گے۔

اس امر کی منظوری وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے منگل کے روز یہاں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی ۔اجلاس میں جرمنی کے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ بائیو انرجی برلن کی منیجنگ ڈائریکٹر ٹونگ بوٹن، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات ، سیکرٹری لائیوسٹاک ، سیکرٹری زراعت ، سپیشل سیکرٹری خزانہ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

جرمن کنسلٹنٹ نے بائیو گیس ٹیوب ویلز کے پائلٹ پراجیکٹ کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ زراعت کی پائیدار ترقی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔زراعت کے فروغ کے لئے ٹھوس حکمت عملی اپنائی گئی ہے ،چھوٹے کاشتکاروں کی ترقی و خوشحالی کے لئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے 12ایکڑ سے کم اراضی کے کاشتکاروں کو بائیو گیس ٹیوب ویل پر 2لاکھ روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

بائیو گیس ٹیوب ویل پلانٹ کی تقسیم نہایت شفاف طریقے سے کی جائے گی۔چھوٹے کاشتکاروں کو بائیو گیس ٹیوب ویل چلانے کے حوالے سے تربیت بھی فراہم کی جائے گی ۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پائلٹ پراجیکٹ کو فروری 2015تک شروع کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بائیو گیس ٹیوب ویل سے چھوٹے کاشتکاروں کے پیداواری اخراجات میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔