والدین بچوں کو پولیوویکسین کے قطرے پلوا کربیماری کے خاتمہ میں تعاون فراہم کریں‘ خواجہ سلمان رفیق

جمعرات 13 نومبر 2014 13:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پولیو کے انسداد کے لئے محکمہ صحت جنگی بنیادوں پر کام کررہا ہے اور بچوں کو پولیو کی بیماری سے محفوظ بنانے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں، بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لئے مہم میں غیر حاضر رہنے والے محکمہ صحت اور دیگر اداروں کے اہلکاروں کے خلاف انضباطی کاروائی عمل میں لائی جائے گی، پولیو کے مرض کے خلاف جہاد میں محکمہ صحت کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمے ، این جی اوز اور معاشرے کے تمام طبقات اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای ڈی او ہیلتھ آفس راولپنڈی میں پولیو کے حوالے سے منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت کے پولیوآپریشن انچارج ڈاکٹر عبیدالسلام،بل اینڈ ملنڈا گیٹس کے نمائندے ڈاکٹر محمد اسلم،یونیسف کے نمائندے آئیون،ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر اقبال گوندل، ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ خالد رندھاوا اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ھدایات کی روشنی میں پولیو کی روک تھام کے لئے موئثر اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جس کسی بھی علاقے سے اگر پولیو وائرس کا کوئی بھی کیس رپورٹ ہواتو وہاں فوری رسپانس کے ذریعے اقدامات اٹھائے جائیں۔ راولپنڈی کی 28 یونین کونسلوں میں پولیو کے قطرے پلانے کی 12 مہمات چلائی جائیں گی اور 429 ٹیمیں اس کام کو سرانجام دیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہر پولیو مہم کے دوران ٹیموں کی اپنے علاقوں میں موجودگی اور پولیو کے قطرے پلانے کے کام کی سخت نگرانی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عدم تعاون کرنے والے سرکاری محکموں کے ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کے لئے متعلقہ حکام کو تحریر کیا جائیگا ۔ خواجہ سلمان رفیق نے شہریوں اور والدین سے اپیل کی کہ و ہ پولیو مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیوویکسین کے قطرے پلوا کربیماری کے خاتمہ میں اپنا تعاون فراہم کریں ۔

ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر اقبال گوندل نے اجلاس کو بتایا کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران ضلع میں چار پولیو مہم منعقد ہونگی جبکہ ڈویژن میں 12 پولیو مہمیں ہوں گی اور مربوط مانیٹرنگ کر کے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوا جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :