زکوٰاة کی رقم کی تقسیم کو مکمل طور پر شفاف بنایا گیا ہے انتظامیہ محکمہ زکوٰة سے رابطے میں ہے، ڈویژنل کمشنر حیدرآباد

جمعرات 20 نومبر 2014 21:52

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20نومبر 2014ء)ڈویژنل کمشنر حیدرآباد آصف حیدرشاہ نے کہا ہے کہ زکوٰاة کی رقم کی تقسیم کو مکمل طور پر شفاف بنایا گیا ہے انتظامیہ محکمہ زکوٰة سے رابطے میں ہے تاکہ زکوٰاة جیسی امانت کو حقداروں تک شفافیت سے پہنچا کر اپنا اسلامی فرض بھی ادا کیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس شہباز بلڈنگ حیدرآباد میں ضلعی زکوٰ ة کمیٹی حیدرآباد کی جانب سے ضلع کے ہسپتالوں میں زکوٰاة کی رقم کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا، تقریب میں سندھ زکوٰة کونسل کے چیئرمین اور سابق نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ زاہد قربان علوی ، زکوٰة کے سابق صوبائی وزیر خالد لطیف اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

ڈویژنل کمشنر آصف حیدر شاہ نے کہا کہ زکوٰة کی رقم غریب اور مستحقین کی امانت ہے جس کو ایمانداری اور دیانتداری سے تقسیم کرنا چاہیے اور ان کی انتظامیہ اس مقدس کام کو احسن طریقے سے ادا کرنے کے لیے محکمہ زکوٰة سے باہمی رابطے میں ہے اور مستحقین کی نشاندہی کے لیے بھی معاونت کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زکوٰة کی رقم بیواؤں کو گزارا الاؤنس ، لڑکیوں کے جہیز ، غیر طالب علموں کی مالی مدد اور خصوصی طور پر مستحق مریضوں کو صحت کی مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تقسیم کی جاتی ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں کو زکوٰة کی رقم دینے سے غریب عوام کا بہتر علاج ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں ادویہ بھی مفت فراہم ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زکوٰة کی رقم ہسپتالوں کو فراہم کرنے سے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی اور غریب عوام کو صحت کی جدید سہولتیں مفت فراہم ہو گی اس لیے تمام ہسپتالوں کی انتظامیہ کو چاہیے کہ وہ محکمہ زکوٰة سے تعاون کریں، ضلعی زکوٰاة کمیٹی حیدرآباد کے چیئرمین شیر محمد پیر زادہ نے بتایا کہ آج کی تقریب میں حیدرآباد کے مختلف ہسپتالوں میں 22 لاکھ 34 ہزار ایک سو روپے کے چیکس تقسیم کیے گئے ہیں جس کے تحت سرسی جے انسٹیٹیوٹ آف سائیکیاٹری حیدرآباد کو 10 لاکھ روپے ، گورنمنٹ شاہ بھٹائی ہسپتال لطیف آباد کو 4 لاکھ 64 ہزار ایک سو روپے ، سندھ گورنمنٹ ہسپتال قاسم آباد کو 2 لاکھ 50 ہزار ، گورنمنٹ سی ڈی ہسپتال حیدرآباد سٹی کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے ، گورنمنٹ ہسپتال پریٹ آباد کو ایک لاکھ 50 ہزار روپے اور رورل ہیلتھ کیئر ہسپتال ٹنڈو جام کو ایک لاکھ پچاس ہزار روپے کے چیک دیے گئے ہیں۔