سری لنکن صدرکا قبل از وقت صدارتی انتخابات کرانے کا اعلان

جمعہ 21 نومبر 2014 20:40

کولمبو(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 21نومبر 2014ء) سری لنکا کے صدر مہندرا راجا پاکسے نے ملک میں قبل از وقت الیکشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ تیسری مدت صدارت کے خواہاں ہیں۔ سری لنکا میں یہ انتخابات اپنے مقررہ وقت سے دو برس قبل منعقد ہوں گے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سرکاری ٹیلی وژن پر عوام سے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے قبل از وقت انتخابات کے انعقاد کے لیے حکم نامے پر دستخط کر دیے ہیں اور وہ تیسری مدت صدارت کے متلاشی ہیں۔

راجا پاکسے کے بقول یہی جمہوریت ہے۔ سری لنکا میں آئین کے تحت صدر کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ صدارتی مدت کے چار برس گزر جانے کے بعد انتخابات کا اعلان کر سکتے ہیں۔ ملکی سپریم کورٹ نے اسی ماہ اس قانون کو برقرار رکھنے کا فیصلہ سنایا تھا، جس کے بعد صدر راجا پاکسے کی طرف سے گزشتہ روز اس اعلان کی راہ ہموار ہو گئی۔

(جاری ہے)

صدارتی حکم نامے کو چیف الیکشن کمشنر کو بھیجوا دیا گیا ہے، جو الیکشن کی حتمی تاریخ مقرر کریں گے۔

چند وزرا کے بقول یہ امکان ہے کہ انتخابات آئندہ برس کے آغاز پر ماہ جنوری میں منعقد ہو سکتے ہیں۔ صدارتی دفتر کے ایک اہلکار نے اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر بتایا کہ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ممکنہ طور پر آٹھ دسمبر ہو گی جبکہ الیکشن سات یا آٹھ جنوری کو کرائے جا سکتے ہیں۔ اس وقت 69 سالہ مہندرا راجا پاکسے نے 2005 میں معمولی سے فرق سے الیکشن میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے صدارت کا منصب سنبھالا تھا۔

ملک میں کئی سالوں سے جاری تامل باغیوں کی بغاوت کو کچلنے کے سبب ان کی مقبولیت میں کافی اضافہ ہوا اور انہیں 2010 میں دوسری مدت صدارت کے لیے چن لیا گیا۔ پیشے کے اعتبار سے ایک وکیل مہندار راجا پاکسے ملکی آئین میں ترمیم کے بعد اب اپنی تیسری مدت صدارت کے خواہاں ہیں۔ کامیابی کی صورت میں وہ 2021 تک سری لنکا کے صدر کے طور پر فرائض انجام دے سکتے ہیں، اگرچہ مہندرا راجا پاکسے کو 2009 میں تامل ٹائیگرز کی سینتیس سالہ بغاوت کچلنے کے لیے ملکی سطح پر کئی حلقوں میں کافی پسند کیا جاتا ہے۔

تاہم باغیوں کے خلاف جارحانہ عسکری کارروائیوں کے سبب انہیں عالمی سطح پر ایسی تنقید کا بھی سامنا ہے کہ کولمبو کے سرکاری دستے جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں۔ راجا پاکسے انتظامیہ کو اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق سے متعلق کونسل کی تحقیقات کا سامنا بھی ہے۔ صدر راجا پاکسے تامل باغیوں کے خلاف جنگ میں مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات کے سلسلے میں بین الاقوامی برادری کے ساتھ تعاون مسلسل مسترد کرتے آئے ہیں۔ یہ امر اہم ہے کہ سابقہ برطانوی کالونی سری لنکا میں یہ پہلا موقع ہو گا کہ صدر تیسری مدت صدارت کے لیے امیدوار کے طور پر انتخابات میں حصہ لیں گے۔