ٹی ٹی پی کا باجوڑ ایجنسی کے علاقے مانوگے میں شرعی نظام نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ،شرعی نظام کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی کالعدم تنظیم کا بیان

اتوار 23 نومبر 2014 14:07

ٹی ٹی پی کا باجوڑ ایجنسی کے علاقے مانوگے میں شرعی نظام نافذ کرنے کا ..

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین۔ 23نومبر 2014ء)کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے باجوڑ ایجنسی کے علاقے مانوگے میں شرعی نظام نافذ کرنے کا اعلان کر دیا نجی ٹی وی کے مطابق طالبان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شرعی نظام کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ناواگئی کے علاقے مانوگے میں خطوط تقسیم کیے گئے خطوط میں باقاعدہ طور پر شریعت کے نفاذ کا اعلان کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ خطوط میں مذکورہ علاقے میں سگریٹ کی خرید وفروخت ممنوع قرار دینے سمیت خواتین کے بازاروں میں جانے پر بھی پابندی عائد کرنے کا کہا گیا ہے۔خطوط میں کہا گیا کہ شرعی نظام کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ علاقے میں چرس اور نشہ آور اشیاء کا استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق خطوط میں طالبان جنگجو عزیز اللہ اور عبدالرزاق کو مارنے والوں کے خلاف بھی انتقامی کارروائی کرنے کا کہا گیااور قبائلی ملک زرداد خان ،رحمن اللہ، حسین اللہ اور انور گل نامی افراد کو بھی ٹارگٹ کرنے کی دھمکیاں دی گئیں ۔