معروف شاعروادیب جاویدعلی منور کی پہلی برسی منائی گئی، جاوید علی منورحکومت سندھ کے محکمہء فنانس سے وابستہ تھے گزشتہ سال دوران ملازمت ہی انتقال کرگئے تھے،

سن کوٹہ کے تحت ابھی تک ان کے صاحبزادے کو ملازمت نہیں دی گئی جو افسوسناک ہے، صابرحسین صابر

جمعہ 28 نومبر 2014 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28نومبر 2014ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے رکن ، معروف شاعروادیب جاویدعلی منور کی پہلی برسی منائی گئی ،اس سلسلے میں کورنگی میں ان کی رہائشگاہ پر محفل ایصال ثواب کا اہتمام کیاگیا جس میں ان کے رفقاء ،احباب، اعزاء واقارب سمیت ادب و صحافت اور دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں ان کے بھائی معروف اداکار سہیل منور، پرویزعلی منور، سلیم منور،جعفرعلی قریشی، معروف ادیب وکالم نگار صابرحسین صابر، فضل قریشی، خورشیداحمدخان، شاہدمحی الدین، خرم جاوید، وقاص جاوید، راحیل جاوید، راشدعلی قریشی، محمدانور حسین، ماجدمغل، یعقوب غزنوی، عزیزاحمدمدنی، شہودعلی قریشی کے نام بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صابرحسین صابر نے کہاکہ جاوید علی منور کاشمار ایسی شخصیات میں ہوتاہے جو مرنے کے بعدبھی لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتے ہیں،انہوں نے اپنی زندگی میں بے شمار لوگوں کو مستفید کیااور لوگوں میں اپنی شاعری اور ادب کے ذریعے شعوراجاگر کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہمارے سرکاری اداروں کاالمیہ یہ ہے کہ محکموں کے لئے ساری زندگی کام کرنے والے ذمہ داران کے مرنے کے ساتھ ان کی ساری خدمات کوبھی فراموش کردیاجاتاہے، جاویدعلی منور حکومت سندھ کے محکمہء فنانس سے وابستہ تھے اور سینئر آڈیٹر کے فرائض انجام دے تھے گزشتہ سال دوران ملازمت ہی وہ ہم سے بچھڑ گئے، لیکن جس طرح وہ اپنے دوستوں کے دلوں میں زندہ ہیں اسی طرح محکمے کے افسران کے لئے حرف غلط کی طرح مٹ گئے،ہمیں یہ جان کر انتہائی دکھ پہنچاہے کہ ان کے صاحبزادے کو ابھی تک سن کوٹہ کے تحت ملازمت نہیں دی گئی ،حالانکہ یہ اس کا حق ہے لیکن نہ جانے کیوں لیت ولعل سے کام لیاجارہاہے۔

شرکاء محفل نے حکومت سندھ کے ذمہ داران سے مطالبہ کیاکہ جاوید علی منور کے صاحبزادے کو ان کی جگہ پر فوری ملازمت دی جائے۔

متعلقہ عنوان :