پنجاب میں چھوٹے سولر منصوبوں کیلئے 49 مقامات کا انتخاب،215میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی‘ شہبازشریف،

پنجاب حکومت قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگا واٹ کا منصوبہ اپنے وسائل سے لگا رہی ہے جو اگلے برس کے آغاز میں بجلی پیدا کریگا، ہسپتالو ں، سکولوں اور زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر پر منتقل کرنے کاپروگرام مرتب کیا جائے‘ وزیراعلی کی چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کوہدایت

ہفتہ 29 نومبر 2014 20:14

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 29نومبر 2014ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پنجاب حکومت قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگا واٹ کاسولر منصوبہ اپنے وسائل سے لگا رہی ہے ،100میگا واٹ کا سولر منصوبہ اگلے برس کے آغاز میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا جبکہ پنجاب میں 1 سے 50میگا واٹ سولرمنصوبے لگانے کے لئے 49 مقامات کا انتخاب کر لیا گیاہے ،49مقامات پر سولر پراجیکٹس لگنے سے مجموعی طورپر 215میگا واٹ بجلی کا حصول ممکن ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا ۔اجلاس میں قائداعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگا واٹ سولر پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت اور صوبے کے مختلف مقامات پر سمال سولر پاور پراجیکٹس لگانے کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں 100میگا واٹ کے سولرمنصوبے پر تیز رفتاری کے ساتھ کام جاری ہے اورپنجاب حکومت کو یہ اعزاز جاتا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار سرکاری سطح پر شمسی توانائی سے بجلی حاصل کرنے کے لئے منصوبہ لگایا جا رہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ قائد اعظم سولر پارک بہاولپور میں مجموعی طو رپر1000 میگا واٹ بجلی کے حصول کی منصوبہ بندی کی گئی ہے جبکہ پنجاب میں چھوٹے سولر منصوبے لگانے کیلئے جن 49مقامات کا انتخاب کیا گیاہے وہاں پر سرمایہ کارو ں کو سولر منصوبے لگانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات کو ہدایت کی کہ ہسپتالو ں، سکولوں اور زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر پر منتقل کرنے کے حوالے سے قابل عمل پروگرام مرتب کیاجائے اور سولر ہوم سلوشن کے حوالے سے بھی جامع منصوبہ تیار کیا جائے اور اس ضمن میں جلد سے جلد حتمی تجاویز پیش کی جائیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے تیز رفتاری کے ساتھ درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے ۔ دھرنوں کے باعث بجلی کے منصوبوں میں تاخیر ہوئی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ ضائع ہونے والے قیمتی وقت کا ازالہ محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ کام کر کے کریں گے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر قائد اعظم سولر پارک نجم شاہ نے100میگا واٹ کے سولر پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا ۔اجلاس میں معاون خصوصی عزم الحق، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ بورڈ عارف سعید اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :