پاکستان کی خاطر خلوص نیت کے ساتھ تحریک انصاف سے مذاکرات کریں گے، وزیر خزانہ اسحاق ڈار

جہاں سے بات چیت کا سلسلہ ٹوٹا تھا وہیں سے شروع ہوگا ،ہڑتال سے معیشت کو نقصان ہوگا ، پی ٹی آئی 8 دسمبر کی ہڑتال کو ختم کرے ، روس یورپ سے 16ارب ڈالر مالیت کی زرعی مصنوعات درآمد کرتاہے ، پاکستان بھرپور استفادہ کرسکتاہے ،میڈیا سے گفتگو

منگل 2 دسمبر 2014 21:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کی خاطر خلوص نیت کے ساتھ تحریک انصاف سے مذاکرات کریں گے، جہاں سے بات چیت کا سلسلہ ٹوٹا تھا وہیں سے شروع ہوگا ہڑتال سے معیشت کو نقصان ہوگا  پی ٹی آئی 8 دسمبر کی ہڑتال کو ختم کرے روس یورپ سے سولہ ارب ڈالر مالیت کی زرعی مصنوعات درآمد کرتاہے  پاکستان بھرپور استفادہ کرسکتاہے۔

منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت ماضی کی تلخیوں کو دہرانا نہیں چاہتی سیاست میں مذاکرات کا دروازہ کبھی بند نہیں ہوتا۔ مذاکرات سے موجودہ سیاسی صورتحال کا حل چاہتے ہیں۔ حکومت تحریک اں صاف سے مذاکرات کیلئے تیار ہے تحریک انصاف سے مذاکرات کا سلسلہ جہاں سے ٹوٹا تھا دوبارہ بات چیت کا وہیں سے آغاز ہوگا۔

(جاری ہے)

اب آگے چلنا ہے، تلخی والی باتیں نہیں ہونی چاہیں۔ حکومت تحریک انصاف کیساتھ مذاکرات کے حق میں ہے ہیں تاہم خلوص دونوں اطراف سے ہونا چاہیے۔ پاکستان کی خاطر خلوص نیت اور افہام تفہیم کیساتھ مذاکرات کریں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پانچ دسمبر سے پہلے چیف الیکشن کمشنر کا نام فائنل کر لیں گے۔ (آج) بدھ تک خورشید شاہ سے نام طے ہو جائے گا۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان اتفاق رائے نہ ہونے پر چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ پارلیمانی کمیٹی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 8 دسمبر کی ہڑتال کو ختم کرے ہڑتال سے معیشت کو نقصان ہوگا۔ تاجر برادری تحریک انصاف کی کال کو مسترد کر چکی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ معیشت کو مستحکم کریں اور ملکی وسائل میں اضافہ کریں۔ دھرنے نہ ہوتے تو ملکی معیشت کے حالات مزید بہتر ہوتے دھرنوں اور سیلاب سے معیشت کو نقصان پہنچا وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ روس کا سب سے بڑا بنک پاکستان میں سرمایہ کاری کریگا پاکستان کے اندرونی قرضوں میں تیزی سے کمی آئی ہے جس کی وجہ سے بیرونی ادائیگیوں کا توازن بہتر ہے، انہوں نے کہاکہ 31 دسمبر تک غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر پندرہ ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سکوک بانڈز کا اجرا کامیاب رہا ۔ لندن میں سکوک بانڈر سے متعلق انتیس سرمایہ کار گروپوں سے ملاقات ہوئی، حکومت نے سکوک بانڈزکیلئے ایک ارب ڈالرز کی پیشکش منظور کی۔ انہوں نے بتایا کہ سکوک بانڈز کے لئے دو ارب تیس کروڑ ڈالرز کی آفر موصول ہوئی ہے۔وزیرخزانہ اسحق ڈار نے تاجروں پر زوردیا ہے کہ وہ روس کو اشیائے خوراک کی برآمد کے وسیع مواقع سے فائدہ اْٹھائی۔

اْنہوں نے کہا کہ روس نے پابندیوں کے رد عمل میں یورپ سے زرعی مصنوعات کی درآمد پر پابندی عائد کردی ہے جس سے ہمارے کسانوں اور تاجروں کو ایک موقع فراہم ہواہے۔اْنہوں نے کہا کہ روس یورپ سے سولہ ارب ڈالر مالیت کی زرعی مصنوعات درآمد کرتاہے اور پاکستان اس سے بھرپور استفادہ کرسکتاہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ روس کے حالیہ دورے کے دوران تجارت ، صنعت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کیلئے نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ۔