نادرا کی رپورٹ میں جن پانچ پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کا انکشاف کیا گیاوہاں سے پی ٹی آئی جیتی تھی ‘ خواجہ سعد رفیق،

نادرا رپورٹ کنٹینر یا میڈیا میں تو استعمال ہو سکتی ہے لیکن عدالت میں نہیں ،ایک سے زائد انگوٹھے لگانے والوں کیخلاف کارروائی کرائینگے

ہفتہ 13 دسمبر 2014 23:12

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نادرا کی این اے 125سے متعلق رپورٹ میں جن پانچ پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کا انکشاف ہوا وہاں سے تحریک انصاف جیتی تھی، نادرا رپورٹ کنٹینر یا میڈیا میں تو استعمال ہو سکتی ہے لیکن عدالت میں نہیں ، نادرا رپورٹ کی روشنی میں ایک سے زائد انگوٹھے لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرائیں گے۔

نادرا کی طرف سے این اے 125میں دھاندلی کی رپورٹ الیکشن ٹربیونل میں جمع کرانے کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے اس حلقے سے کامیاب امیدوار و وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نادرا کی دھاندلی سے متعلق رپورٹ پڑھ نہیں سکا ،رپورٹ پڑھنے کے بعد ہی صحیح معنوں میں فیصلہ کر سکوں گا ۔ انہوں نے کہا کہ نادرا رپورٹ میں جن پانچ پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کا انکشاف کیا گیا ہے وہاں سے تحریک انصاف جیتی تھی ،مذکورہ پانچوں پولنگ اسٹیشنز پر میں ہارا تھا او ر شکایات کے باوجود کسی نے کان نہیں دھرا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زائد ووٹ کاسٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کراؤں گا ۔ انہوں نے کہا کہ نادرا رپورٹ کنٹینر یا میڈیا پر تو استعمال ہو سکتی ہے عدالت میں نہیں ۔ ایک سے زائد انگوٹھے لگانے والوں کے خلاف کارروائی کرائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نادرا کی رپورٹ ابھی پڑھ نہیں سکا ،رپورٹ کے مطالعہ اور وکلاء کی مشاورت کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل بناؤں گا۔