”را“ کی انڈیا میں حملہ کروا کے پاکستان پر الزام لگانے کی منصوبہ بندی کا انکشاف بالکل درست ہے، حافظ محمد سعید،

امریکی صدر اوبامہ کے دورہ بھارت پر اسے متاثر کرنے کیلئے ایسی مذموم سازشیں کی جاہی ہیں ،امیر جماعةالدعوة پاکستان

ہفتہ 13 دسمبر 2014 23:39

”را“ کی انڈیا میں حملہ کروا کے پاکستان پر الزام لگانے کی منصوبہ بندی ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 دسمبر 2014ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کی انڈیا میں حملہ کروا کے پاکستان پر الزام لگانے کی منصوبہ بندی کا انکشاف بالکل درست ہے۔ امریکی صدر اوبامہ کے دورہ بھارت پر اسے متاثر کرنے کیلئے ایسی مذموم سازشیں کی جاہی ہیں۔ بھارت پاکستانی قومی سلامتی اداروں اور جماعةالدعوة کو بدنام کر کے اپنی دہشت گردی کیلئے راستے ہموار کرنا چاہتا ہے۔

حکومت پاکستان کو ان خبروں کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے اوربھارت کے دہشت گردانہ کردار کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانی خفیہ اداروں نے بھارتی الزامات کے حوالہ سے جس خدشہ کا اظہار کیا ہے ہم اسے حقیقت سمجھتے ہیں کیونکہ بھارت کا شروع دن سے یہ رویہ رہا ہے کہ وہ پہلے منصوبہ بندی کرکے میڈیا کے ذریعہ جھوٹی سٹوریاں چلاتا ہے۔

(جاری ہے)

ٹی وی چینلز کے ذریعہ ایک ماحول بنایا جاتاہے اور پھر کوئی نہ کوئی کاروائی کر کے پاکستان کے خلاف جھوٹی الزام تراشیوں کا آغاز کر دیا جاتا ہے۔حکومت کو چاہیے کہ وہ صاف طور پر بھارت سے بات کرے کہ وہ پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کے خلاف منفی اور جھوٹے پروپیگنڈا کا سلسلہ بندکرے۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی فوج اور دفاعی ادارے مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہو گا۔

ہم سب کو متحد ہو کر ان سازشوں کا توڑ کرنا چاہئے۔ میڈیا میں انڈیا کی منصوبہ بندی کے حوالہ سے جو خبریں نشر ہوئی ہیں ان کے درست ہونے میں کوئی شک و شبہ نہیں ہے۔ وہ ایسی کاروائیاں کرکے جہاں پاکستان اور قومی سلامتی اداروں کے خلاف الزام تراشی کرتا ہے اسی طرح جماعةالدعوة اور میری ذات کو بدنام کرنے کیلئے وہ طے شدہ منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہا ہے۔

اس سے پہلے بھی حالات کو بگاڑنے کیلئے اس نے ہمیشہ یہی رویہ اختیار کیا ہے۔حافظ محمد سعید نے کہاکہ حکومت پاکستان کوبھارت کے مذموم عزائم کو مدنظر رکھتے ہوئے پیش بندی کے طور پر پاکستان کے دفاع کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے اور اپنے سفارت خانوں اور خارجہ ڈیسک کو متحرک کرکے انڈیا کے اصل کردار کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرناچاہیے اور یہ بات واضح کرنی چاہیے کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور مذاکرات کی بات کرتا ہے مگر انڈیاجان بوجھ کر حالات خراب کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں جماعةالدعوة کے اجتماع میں لاکھوں افراد کی شرکت پر بھارتی میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔ ہم چونکہ مظلوم کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بات کرتے ہیں اور بھارت مسئلہ کشمیر کے خلاف خوفناک سازشیں کر رہا ہے اسلئے بھارت سرکار کو جماعةالدعوة کا مظلوموں کے حق میں آواز بلند کرنا کسی صورت گوارا نہیں ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے بھی جنرل اسمبلی اور مظفر آباد میں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بات کی تویہ بھی بھارت سرکار کو برداشت نہیں ہوا۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کے بنیادی موقف پر کاربند رہے۔