لاہور کے لوگ دھاندلی کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے،شیخ رشید۔۔۔

پی ٹی آئی نے انتہائی اخلاقیات کا مظاہرہ کیاہے،اگر کسی نے پنگا لیا تو اُڑا کر رکھ دیں گے، میڈیا سے گفتگو

پیر 15 دسمبر 2014 15:14

لاہور کے لوگ دھاندلی کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے،شیخ رشید۔۔۔

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔15دسمبر 2014ء) پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لاہور میں مکمل سٹرائیک نے ثابت کردیا ہے کہ لاہور کے لوگ دھاندلی کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے، آج کے دن لاہور نے واقعی ہی یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ”لینن گراڈ“ ہے یہاں پر ن لیگ کو، پولیس کی کوششوں، انتظامیہ کی کوششوں کو بھرپور شکست ہوئی ہے، ن لیگ کے 4وزراء نے رانا ثناء اللہ، پرویز رشید، سعد رفیق اور عابد علی عمران خان کے ”پلان سی“ کو جتنی سپورٹ کی ہے اس پر میں ان کا شکر گزار ہوں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چیئرنگ کراس پر میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، شیخ رشید نے کہا کہ پرویز رشید جو مرضی کہیں ہم نے کوئی کرفیو کامطالبہ نہیں کیا، سٹرائیک کی کال دی اور یہاں مکمل سٹرائیک ہے، پی ٹی آئی نے انتہائی اخلاقیات کا مظاہرہ کیا اور جس طرح یہاں کے لوگوں نے پی ٹی آئی کا ساتھ دیا ہمیں اس کی توقع نہیں تھی، انہوں نے ثابت کردیا کہ لاہور دھاندلی کی حکومت کو تسلیم نہیں کرتا، زبردستی تعلیمی ادارے کھلوانے کی کوشش کی، سیکرٹریٹ خالی ہے، میٹرو بس زبردستی چلانے کی کوشش بھی ناکام ہوئی اور وہ رک گئی، ایک سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ مذاکرات حکومت کی فیور میں ہیں، جوڈیشل کمیشن تو انصاف کے لئے بنا ہے جب جوڈیشل کمیشن بن گیا تو میں یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ آئندہ سال الیکشن کا سال ہو گا اور حکومت کو جانا ہو گا، اگر کسی نے یہاں گلوؤں کا رول ادا کیا کوئی رانا ثناء اللہ کی روح میں یہاں بھٹکی تو لاہور کی گلی گلی میں لوگ اپنے حق کے لئے لڑیں گے، شیخ رشید نے کہا کہ آج کا دن لاہور نے ثابت کردیا کہ وہ ”لینن گراڈ“ ہے، یہاں ن لیگ کو ان کی کوششوں ، ساری پولیس کی کوششوں کو شکست ہوئی ہے، میں دکانداروں کا بھی شکرگزار ہوں اگر لاہور آگے بڑھے تو کام جلدی ہو جائے گا اور یہ تحریک لاہور کے گردونواح کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لے گی، جہاں تک حالات خراب ہونے کی بات ہے تو اگر کسی نے پنگا لیا تو اڑا کر رکھ دیں گے۔

متعلقہ عنوان :