جامعہ کراچی، ASIA POSCO فیلو شپ کو ریا کی جانب سے 10 طلبہ کو اسکالر شپ تفویض کی گئی

جمعہ 19 دسمبر 2014 21:05

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 دسمبر 2014ء) پاکستا ن اور کوریامیں دوستی کے دیرینہ اور مستحکم رشتے قائم ہیں کوریا کی ترقی میں تعلیم بنیادی فیکٹر ہے ،یہی وجہ ہے کہ کوریا ایشیاء کے13 ممالک کی 25 جامعات میں فروغ تعلیم کے لئے کثیر سرمایہ سے طلبا وطالبات کو اعلیٰ تعلیم وتحقیق کی ترغیب دینے کے لئے وظائف دے رہاہے۔جامعہ کراچی کے طلبہ کا انتخاب قطعی میرٹ پرہوتا ہے جس کے لئے POSCO ASIA فیلو شپ فراہم کرنے پر بے حد ممنون ہیں امید ہے یہ تعاون آئندہ بھی جاری رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں کوریا کے قونصل جنرل اور کوریا سے آئے ہوئے وفد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کوریا کے قونصل جنرل لی چنگ ہی( Lee, Chang-Hee )نے کہا کہ پاکستان کو ریا کا ایک اچھا دوست ہے اور جامعہ کراچی میں تدریس وتحقیق اور سائنس وٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے نہایت ذہین اور باصلاحیت طلبہ کو یہ ایوارڈ دیئے جاتے ہیں کیونکہ تعلیم میں ملک کی ترقی کا راز پنہاں ہے۔

رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹرمعظم علی خان نے مہمانوں کو خوش آمدیدکہتے ہوئے جامعہ کراچی میں تدریس وتحقیق پر مختصر بریفینگ دی۔انچارج فائیننشل ایڈ آفس پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد خان نے کہا کہ جامعہ کراچی کی مختلف فیکلٹیز کے 10 طلبہ کامیرٹ کی بنیاد پر انتخاب کیا گیا ہے ۔ جس میں فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹوسائنسز کے شعبہ کامرس کی زوبی اکبر،بزنس ایڈمنسٹریشن کی روبا کنول،فیکلٹی آف آرٹس کے شعبہ نفسیات کی ثروت،شعبہ سماجی بہبود کی سیدہ زائرہ خانم ،شعبہ تعلیم کے ایم ذوالقرنین حیدر ،جبکہ فیکلٹی آف سائنس کے شعبہ ریاضی کے ایم آصف، شماریات کی سحرش اکمل ، جیولوجی کے عمیر مجید ،فزکس کے بلال احمد اور شعبہ زراعت کی زینب نورشامل ہیں۔

اس موقع پر کوریا کے وفد میں TJ POSCO پارک فاؤنڈیشن کے ایم ڈی مسٹر جائی وون یانگ(Mr. Jae Woon Yang MD TJ Park Foundaion Korea )، سینئر مینجر مسٹر ھیون سُک شِن(Mr. Hyeon Suk Shin Sr. Manager )،ہیڈ آف پوسکودبئی آفس مسٹر سانگ سیوک لی (Mr. Sang Seok Lee Head of POSCO Dubai Office )،ریزیڈنٹ ڈائریکٹر مسٹر یوینگ ہو(Mr. Yoo Young-Ho-Resident Director POSCO ) اور ڈائریکٹرTSML پروجیکٹ پرویز اقبال شامل تھے جبکہ جامعہ کراچی کی جانب سے رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر،رئیس کلیہ سماجی علوم پروفیسر ڈاکٹر مونس احمر ،رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر غزالہ حفیظ رضوانی،رئیس کلیہ نظمیات وانصرام پروفیسر ڈاکٹرخالد عراقی ،رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری ،رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ شہزادی ،انچارج فائیننشل ایڈ آفس جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر شکیل احمد خان اورمشیر امور طلبہ پروفیسر ڈاکٹر سید انصر رضوی بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :