ملک کے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری بھرتی شدہ سینکڑوں ملازمین کے میٹرک اور ایف اے کے سرٹیفکیٹ جعلی ہونے کا انکشاف

ہفتہ 20 دسمبر 2014 21:41

فیصل آباد( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 دسمبر 2014ء )پاکستان بھر میں مختلف سرکاری اور غیر سرکاری بھرتی ہونے والے سینکڑوں ملازمین کے میٹرک اور ایف اے کے سرٹیفکیٹ جعلی ہونے کا انکشاف ۔ فیصل آباد تعلیمی بورڈ نے بورڈ کے چیئرمین پروفیسر غلام محمد جھکڑ نے فیصل آباد تعلیمی بورڈ کے تمام ریکارڈ کو سروے مہر کرکے ریکارڈ روم میں ملازمین کے آنے جانے پرپابندی لگانے ہوئے ریکارڈ روم کو نو گو ایریا قرار دیدیا ہے ۔

اس سلسلہ میں بورڈ کے دفاتر میں اور ریکارڈ روم میں قینچی گیٹ اور کیمرے نصب کرکے ریکارڈ گیلری کو نہ صرف مکمل طورپر سربمہر کردیا گیا بلکہ وہاں مسلح سکیورٹی گارڈ تعینات کرکے اسے ممنوع علاقے قرار دینے کے احکامات صادر کردیئے گئے ۔ آن لائن کے مطابق حکومت کو یہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ ملک بھر میں قائم تعلیمی بورڈ کے ملازمین مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے علاوہ ممبران پارلیمنٹ جن میں سینٹ ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ممبران شامل ہیں ان سے بھتہ لیکر ان کی اسناد کو درست قرار دے رہے ہیں چانچہ اس اطلاع پر فیصل آباد تعلیمی بورڈ کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس چیئرمین بورڈ پروفیسر مہر غلام محمد جھکڑ کی زیر صدارت ہوا جس میں کنٹرولر امتحانات کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے ملازمین اسناد کی تصدیق کیلئے آنے والے سرکاری غیر سرکاری ادارو ں اور دیگر اہم شخصیات کے سرٹیفکیٹ تصدیق کیلئے ان کی اجازت کے بغیر کوئی بھی اسناد کی تصدیق سرٹیفکیٹ اس وقت تک جاری نہیں کرینگے جب تک اس کی مکمل جانچ پڑتال نہ ہوجائے اگر بورڈ ملازمین نے ایسا نہ کیا تو ان ملازمین کیخلاف اینٹی کرپشن میں مقدمات درج کرائے جائینگے ۔

(جاری ہے)

آن لائن کو ذرائع نے بتایا کہ ملک بھرمیں ایسے بہت سے ملازمین مختلف اداروں میں دھوکہ دہی اور جعل سازی کے ذریعے محکمہ تعلیمی بورڈ کی ملی بھگت سے جعلی اسناد لیکر ملازمتیں کررہے ہیں جن کی تصدیق کیلئے جب بورڈ سے رابطہ کیا جاتا ہے تو بورڈ کے ملازمین بھاری رشوت لیکر ان جعلی سرٹیفکیٹس کی بھی صحیح ہونے کی تصدیق کردیتے ہیں جس سے حقدار پڑھے لکھے نوجوان ملازمت سے محروم ہوجاتے ہیں چنانچہ اس کرپشن کو روکنے کیلئے تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے چیئرمین نے فیصلہ کیا کہ آئندہ بورڈ کے ریکارڈ روم میں کوئی بھی غیر متعلقہ شخص داخل نہیں ہوگا اگر وہ بھی انسپکشن کیلئے آئے تو ان کی بھی تلاشی لیکر ریکارڈ روم میں جانے اور آنے دیاجائے ۔

انہوں نے کہا کہ اب نو گو ایریا میں کوئی بھی غیر متعلقہ شخص نظر آیا تو اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر بورڈ کی مجموعی سکیورٹی کو بھی فول پروف بنانے کیلئے بورڈ کے اندر اندرونی اور بیرونی دروازوں پر مسلح سکیورٹی گارڈ تعینات کردیئے ہیں اور کیمروں کے ذریعے تمام راستوں کی نگرانی کی جائے گی یہ امر قابل ذکر ہے کہ پاکستان بھر کے مختلف اضلاع میں ہزاروں ملازمین جعلی اسناد پر مختلف سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں ملازمتیں کررہے ہیں ۔