اسلام آباد، ا نٹر سکولز میتھیمیٹک اولمپیاڈ کی تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد

بدھ 24 دسمبر 2014 20:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24دسمبر 2014ء) کہا جا تا ہے کہ ریاضی تمام علوم کی ماں ہے اس مقولے کاعملی ثبوت پاک ترک انٹر نیشنل سکولزاینڈ کالجز اسلام آباد میں دیکھنے کو ملا جہاں ریاضی جیسے خشک مضمون میں دلچسپی اور شعور پیدا کر نے کیلئے گذشتہ نوسالوں کی طرح امسال بھی پاک ترک انٹر نیشنل سکولز اینڈ کالجز نے انٹر سکولز میتھیمیٹک اولمپیاڈ ISMO) )منعقد کروایا۔

یہ مقابلہ پاکستان کے ۱۲ شہروں میں بیک وقت۱۸ امتحانی مراکز میں منعقد ہوا۔ اپنی نوعیت کی اس منفرد مقابلے میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے ۵۸۵ سکولوں کے کم وبیش ۹۰۰۰طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ پاکستان سائنس فاونڈیشن کے تعاون سے منعقد ہونے والے اس مقابلے کو ایک ہی وقت اور ایک ہی نصاب کے تحت ملک کو چاروں صوبوں میں منعقد کروانااس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ملک میں یکساں نصاب کوئی اچھنبے کی بات نہیں۔

(جاری ہے)

اس مقابلے کی تقریبِ تقسیمِ انعامات کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیرِ مملکت برائے تعلیم جناب بلیغ الرحمان تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس حقیقت میں کوئی کلام نہیں کہ انفرادی اور اجتماعی نشوو نما اور افرادی قوت کے استعدادِ کار میں اضافے کے لیے تعلیم کا فروغ ایک اہم ترین زریعہ ہے جس سے مفر ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں ماضی قریب میں تعلیمی اصلاحات کے ضمن میں بہت سے اقدامات اٹھائے گئے مگر یہ سب کافی نہیں ہیں۔

قابل احترام وزیر محترم نے پاک ترک کے ماہرینِ تعلیم اور اساتذہ کی اس گراں قدر کاوش کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی مضامین کی ترقی و ترویج کیلئے مختلف مقابلے گاہے بگاہے منعقد ہوتے رہتے ہیں جس میں پاکستانی طلباء اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے رہتے ہیں تاہم ریاضی جیسے اہم مضمون کی ترویج کیلئے کوئی خاص پلیٹ فارم نہیں ہے ۔ اس صورتحال میں ا نٹر سکولز میتھیمیٹک اولمپیاڈ ISMO) ) کا انعقاد ایک انتہائی اہم اور خوش آئند اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک ترک سکولز و کالجز پاک ترک دوستی کی عمدہ مثال ہیں۔ یہ تعلیمی ادارے سائنسی تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں جس کی مثال درجنوں بین الاقوامی ایوارڈز اور تمغے ہیں جو اس ادارے کے طلباء نے دنیا کے مختلف ممالک میں ہونے والے سائنسی مقابلوں میں حصہ لے کر حاصل کیے۔ یوں پاکستان کا سبز ہلالی پرچم پاک ترک سکول کے توسط سے دنیا کے مختلف ممالک میں سربلندی سے لہرایا۔

ا نٹر سکولز میتھیمیٹک اولمپیاڈ ISMO) ) کے انعقاد کے ذریعے ریاضی کا فروغ ایک انوکھا مگر سود مند زریعہ ہے۔ ا نٹر سکولز میتھیمیٹک اولمپیاڈISMO) ) کے نتائج کے مطابق آٹھویں جماعت کی کیٹگری میں راجہ شاہ میر احمد بھٹی نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے اس سال کے ”الخوارزمی“کا اعزاز حاصل کیا اور پچاس ہزارروپے کے مستحق ٹھہرے۔ مہمانِ خصوصی نے تمام جماعتوں کے اول آنے والے طلباء میں پچاس ہزار روپے نقد، دوم آنے والوں میں چالیس ہزار فی کس اور اسی طرح سوم آنے والے خوش نصیبوں میں مبلغ تیس ہزار روپے فی کس کی انعامی رقم دی گئی ۔ اہم بات یہ ہے کہ اس مقابلے کے فاتح طلباء کے قابل اساتذہ کی صلاحیتوں کے اعتراف میں ان کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔

متعلقہ عنوان :