کراچی ،سٹوڈنٹ والنٹیئرپروگرام کے انتالیسویں بیچ کی تقسیم اسنادکی تقریب منعقدکی گئی

ہفتہ 27 دسمبر 2014 18:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔27دسمبر 2014ء) سندھ انسٹیٹیو ٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن(SIUT) کے ریسورس جنر یشن اینڈ آؤ ٹ ریچ ڈپارٹمنٹ (RGO)کے زیر اہتمام سٹوڈنٹ والنٹیئرپروگرام کے انتالیسویں(39th)بیچ کی تقسیم اسنادکی تقریب منعقدکی گئی۔یہ پروگرام کراچی کے مختلف اسکول اور کالج کے طلباء کے لئے نہایت دلچسپی کا باعث ہے جس میں حصہ لیکر وہ مریضوں کی خدمت سے متعلق تمام امور میں حصہ لیتے ہیں۔

یہ پروگرام SIUTمیں سال میں دو مرتبہ منعقد کیا جاتا ہے جو کہ کراچی کے طلباء میں بے حد مقبول ہے۔ تقریب کے آغازمیں پشاور میں حالیہ وقوع پذیر ہونے والے سانحہ کے شہداء کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔پروفیسر ادیب الحسن رضوی ، ڈائریکٹر (SIUT)نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ پروگرام طلباء کی زندگی کے اس مرحلہ میں بہت ضروری ہے تاکہ وہ دوسروں کے مسائل اور دکھ درد کو سمجھ سکیں جس سے نہ صرف ان میں بلکہ پورے معاشرے میں مثبت تبدیلی آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اس پروگرام کے ذریعے طلباء کو اوپی ڈی، ریڈیالوجی، لیباریٹری، ڈائلیسس، ٹرانسپلانٹیشن، لیتھو ٹرپسی، گیسٹروانٹرولوجی اور دیگر طبی سہولتوں کے بارے میں آگاہی دینے کے ساتھ کمیونٹی سروس کے بنیادی اصول سکھائے گئے ۔ڈاکٹر رضوی نے معاشرے میں کمیونٹی سروس کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف انسان کو جِلا بخشتی ہے بلکہ زندگی میں سکون وطمانیت کا باعث بھی بنتی ہے۔ حالیہ انتالیسویں بیچ میں 130طلباء نے شرکت کی اور 30گھنٹے کی ٹریننگ مکمل کرنے کے بعد ان میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کئے گئے۔یاد رہے کہSIUTمیں اب تک چار ہزار سے زائد طلباء کو عملی تربیت دی جا چکی ہے۔تقریب میں طلبہ، والدین اور اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :