سرکاری تعلیمی اداروں کی چار دیواری اونچا کرنے ،سی سی ٹی وی کیمروں اور میٹل ڈیٹیکٹر سمیت سیکورٹی بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں،ای ڈی او ایجوکیشن حافظ آباد

پیر 5 جنوری 2015 22:47

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 جنوری 2015ء) حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلع کے سرکاری تعلیمی اداروں کی چار دیواری کو اونچا کرنے ،سی سی ٹی وی کیمروں اور میٹل ڈیٹیکٹرز سمیت سیکورٹی کو بہتر بنانے کے دیگر اقدامات کے لیے اڑھائی کروڑ سے زائد کے فنڈز خرچ کئے جا رہے ہیں۔ابتدائی طور پر ضلع کے 30بڑے سکولوں جہاں پر طلباء و طالبات کی تعداد 500سے زائد ہے وہاں پر فی سکول 5سیکورٹی کیمرے اور ایک میٹل ڈیٹیکٹر فراہم کیا جا رہا ہے ۔

ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن مہر محمد اشرف ہرل اور ڈسٹرکٹ آفسیر فنانس عدنان ڈار نے بتایا کہ ڈی او کوارڈ شاہد اسماعیل مرزا کی زیر نگرانی سیکورٹی کیمروں اور میٹل ڈیٹیکٹرز کی خریداری مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ڈی او بلڈنگز کو سکولوں کی چار دیواری اونچا کرنے کے لیے مطلوبہ فنڈز فراہم کر دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ 2بڑے غیر سرکاری تعلیمی ادارے بھی حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں جامع سیکورٹی انتظامات کرنے کے پابند بنا دیئے گئے ہیں اور تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے تعلیمی اداروں اور طلباء و طالبات کو خاطر خواہ سیکورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سکولوں کے اساتذہ اور طلباء و طالبات کو رضاکرانہ طورپر اپنے اداروں کی سیکورٹی کے فرائض کی انجام دہی کے لیے بھی تیار کیا جا رہا ہے تاکہ قانون نافذ کرنے والے محکموں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے امکانات کو کم کیا جا سکے۔