اٹک میں سیکورٹی اقدامات کی تکمیل کے بعد سرکاری ، نیم سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھل گئے،

ڈی سی او اٹک کامختلف سکولوں کا دورہ ، سیکورٹی اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا

پیر 12 جنوری 2015 21:46

کامرہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12جنوری2015ء)ضلع اٹک میں حکومت کی ہدایات پر سیکورٹی اقدامات کی تکمیل کے بعد سرکاری ، نیم سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی ادارے کھل گئے ہیں اور تعلیمی سرگرمیوں جاری ہو چکی ہیں۔ڈی سی او اٹک نے اس سلسلے میں متعدد سکولوں کا اچانک معائینہ کیا جہاں کیے جانے والے سیکورٹی اقدامات کو تسلی بخش قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے تمام تعلیمی اداروں کے سربراہوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے سکولوں میں سی سی ٹی وی کیمرے، آٹھ فٹ باوٴنڈ ری وال ، خاردار تاروں کی تنصیب ، مسلح سیکورٹی گارڈ کی تعیناتی کو ہر صورت ممکن بنائیں تاکہ ملک کے نونہال مکمل حفاظت میں اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں سکول میں سیکورٹی کو انتہائی سخت رکھا جائے۔

(جاری ہے)

سکول کی چاردیواری اور اردگرد کسی بھی مشکوک سامان ، سرگرمی یا شخص کی موجودگی کے بارے میں ضلعی انتظامیہ کو بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا پیشگی تدارک کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ سکول کی اسمبلی میں بھی بچوں کو سیکورٹی کے بارہ میں موثر آگاہی فراہم کی جائے۔ معائینہ کے دوران جن تعلیمی اداروں میں سیکورٹی اقدامات جاری تھے انہیں ان اقدامات کی تکمیل تک بند رکھنے کی ہدایت کی گئی۔ ڈی سی او اٹک چودھری حبیب اللہ نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پشاور کے سانحہ کے بعد تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے بارے میں ہائی الرٹ ہے اور تمام معاملات پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے تاکہ کسی بھی شرپسند عنصر کو معصوم بچوں کی جان سے کھیلنے کی جرات نہ ہوسکے۔