سانحہ پشاور کے بعد پاکستانی قوم دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ،

قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ معاشی نقصانات 100 ارب ڈالر سے بھی زائد ہیں ،دہشتگردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں قبائلی علاقوں میں بڑی آبادی بے گھر ہوئی ہے، حکومت کو نقل مکانی کرنے والے افراد کی آباد کاری کیلئے وسائل کی ضرورت ہے ، آئی ایف سی کے ایگزیکٹو سے گفتگو

پیر 19 جنوری 2015 23:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے بعد پاکستانی قوم دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے  قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ معاشی نقصانات 100 ارب ڈالر سے بھی زائد ہیں دہشتگردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں قبائلی علاقوں میں بڑی آبادی بے گھر ہوئی ہے، حکومت کو نقل مکانی کرنے والے افراد کی آباد کاری کیلئے وسائل کی ضرورت ہے جبکہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جن یانگ چئی نے کہا ہے کہ آئی ایف سی پاکستان میں انفراسٹرکچر اور توانائی کے منصوبوں کی فنانسنگ جاری رکھے گا ۔

پیر کو انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے ایگزیکٹو وائس پریذیڈنٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جن یانگ چئی کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی آئی ایف سی کے وفد نے آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحہ پر افسوس اور دلی تعزیت کا بھی اظہار کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین نجکاری کمیشن محمد زبیر نے حکومت کی جانب سے جاری نجکاری پروگرام کے بارے میں وفد کو بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں آئی ایف سی کے مشاورتی تعاون کا خیرمقدم کیا جائیگا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ سانحہ پشاور نے پاکستانی قوم کے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے عزم کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بھاری جانی اور مالی نقصان برداشت کیا ہے، قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کے علاوہ معاشی نقصانات 100 ارب ڈالر سے بھی زائد ہیں۔

دہشتگردی کے خلاف جنگ کے نتیجے میں قبائلی علاقوں میں بڑی آبادی بے گھر ہوئی ہے، حکومت کو نقل مکانی کرنے والے افراد کی آباد کاری کیلئے وسائل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں آئی ایف سی کے اجلاس میں پاکستانی گلوبل روپیہ فنڈ کے اجراء کا معاملہ بھی زیر غور آیا تھا، اس معاملے پر کام کی رفتار تیز کی جانی چاہیے۔ انہوں نے حال ہی میں قائم کئے گئے پاکستان ڈویلپمنٹ فنڈ میں بھی آئی ایف سی کو حصہ ڈالنے کی دعوت دی۔ انہوں نے وفد کو اپنے حالیہ دورہ جاپان کے بارے میں بھی بریفنگ دی اور جاپان کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی یقین دہانیوں سے آگاہ کیا۔