پاکستان علماء کونسل نے ملکی موجودہ صورتحال اور گستاخانہ خاکوں پر26جنوری کو اے پی سی کے انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی،

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی سینیٹر پرویز رشید اورراجہ ظفر الحق سے ملاقات ، دونوں رہنماؤں نے کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کر لی، دہشتگردی ،انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قوم کو ملکر مقابلہ کرنا ہوگا،یہ وہ راستہ ہے جس سے رواداری کو فروغ ملے گا‘ وزیراطلاعات و نشریات، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیرصدارت اجلاس میں اے پی سی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں

بدھ 21 جنوری 2015 23:27

اسلام آباد /لاہو ر( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء ) پاکستان علماء کونسل نے ملک کی موجودہ صورتحال اور گستاخانہ خاکوں پر26جنوری کو اسلام آباد میں ہونے والی ”آل پارٹیز کانفرنس ‘ ‘ کے انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے شروع کردئیے گئے ہیں۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید اورسینیٹ میں قائد ایوان راجہ ظفر الحق سے ملاقات کی اور کانفرنس کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پوری قوم کو ملکر مقابلہ کرنا ہوگا۔ یہ وہ راستہ ہے جس سے رواداری کو فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان علماء کونسل کی اسلام اور پاکستان کیلئے خدمات روز روشن کی طرح کی واضح ہیں ۔ پوری دنیا کے سامنے اسلام کا حقیقی تصور جس انداز سے پیش کررہی ہے اس پر پاکستان علماء کونسل کی قیادت کو مبارکبادپیش کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق ا لمساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی زیرصدارت اجلاس میں 26جنوری کو اسلام آباد میں گستاخانہ خاکوں اور موجودہ ملک کی صورتحال پر ہونے والی” آل پارٹیز کانفرنس “کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں ۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کی قیادت سے رابطے کرے گی۔

کمیٹی کے دیگر ارکان میں حافظ محمد امجد ،مفتی محمد یونس (آزاد کشمیر )،مولانا عبد الحمید صابری (اسلام آباد )،مولانا نعمان حاشر (راولپنڈی )،مولانا انوارالحق مجاہد (ملتان)مولانا محمد مشتاق (لاہور) ،مولانا عمار بلوچ (رحیم یارخان )کے نام شامل ہیں۔